شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 149واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یوم ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ یوم اقبال کے حوالے سے مختلف تقریبات، سیمینارز اور خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ بیسویں صدی کے عظیم شاعر، فلسفی، مصنف، قانون دان اور سیاستدان تھے۔ ان کا شمار تحریک پاکستان کی اہم فکری شخصیات میں ہوتا ہے۔

علامہ اقبال نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ اور لاہور سے حاصل کی، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ گئے، جہاں انہوں نے برطانیہ سے وکالت کی تعلیم حاصل کی اور جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

وطن واپسی کے بعد علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداری اور آزادی کا جذبہ پیدا کیا۔ سیاستدان کی حیثیت سے ان کا ایک اہم کارنامہ 1930 میں خطبہ الہ آباد کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کرنا تھا، جس نے آگے چل کر تحریک پاکستان کو فکری بنیاد فراہم کی۔

علامہ اقبال نوجوانوں سے خصوصی امیدیں وابستہ رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری میں نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دیتے ہوئے انہیں بلند حوصلے، خود اعتمادی، خودی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی اور انہیں اپنی شناخت اور حقوق کے لیے بیدار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : فکرِ اقبالؒ نفرت اور انتہا پسندی کی نفی کرتی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

علامہ اقبال کی شاعری کا بنیادی موضوع خودی، تصوف، عشق، ملت اسلامیہ کی بیداری اور احیائے امت تھا۔ ان کے مشہور شعری مجموعوں میں بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم، زبور عجم، جاوید نامہ اور پیام مشرق شامل ہیں۔ ان کے افکار اور فلسفے کو آج بھی دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

یوم اقبال کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین مہمان خصوصی تھے۔

مہمان خصوصی نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔

تقریب کے دوران پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہوگیا۔

مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پا گئے۔ انہیں بادشاہی مسجد لاہور کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

یوم اقبال کے موقع پر ملک بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شاعر مشرق کی زندگی، خدمات، شاعری اور افکار کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top