سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے،V8 گاڑیوں کا شاہانہ تحفہ، فضل الرحمان، اسعد محمود اور ٹھیکیدار امان اللہ کا 19.28 ارب کا کرپشن ڈرامہ بے نقاب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیرِ مواصلات اسعد محمود کے دورِ وزارت کے دوران قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے) کے اربوں روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں، پاکستان ڈاک میں ہزاروں غیر قانونی بھرتیوں اور بے نامی جائیدادوں کے معاملے پر وسیع پیمانے پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

مالی بے ضابطگیاں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ

نیب کی تیار کردہ تحقیقاتی دستاویزات کے مطابق اپریل 2022ء سے اگست 2023ء کے دوران این ایچ اے کے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم میں شدید مالی بے ضابطگیوں اور سیاسی اثر و رسوخ کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آئے ہیں۔

دستاویز میں سابق وفاقی وزیر اسعد محمود، فضل الرحمان اور کچھ مخصوص ٹھیکیداروں کے درمیان مبینہ مالی مفادات کے گٹھ جوڑ کی نشانہی کی گئی ہے۔ تحقیقاتی ریکارڈ کے مطابق امان اللہ خان، عمر جان اور منظور آفریدی جیسے پسندیدہ ٹھیکیداروں سے منسلک 19.28 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں کی تفصیلات نیب کے زیرِ غور لائی گئی ہیں۔

پاکستان ڈاک میں 4,252 غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف

ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان ڈاک کے ادارے کے اندر کی گئی 4,252 مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ بھی شدت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق، ان بھرتیوں کی فہرستوں کی تیاری میں متنازع ٹھیکیدار امان اللہ خان کے کردار کی بھی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

بے نامی جائیدادیں اور قیمتی گاڑیوں کے تحائف

یہ بھی پڑھیں : گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تبدیلی، ڈاکٹر طاہر خلیلی اضافی چارج پر تعینات

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی-6/4 میں واقع مکان نمبر 7 کاغذی طور پر ٹھیکیدار امان اللہ خان کے نام رجسٹرڈ ہے، جسے فضل الرحمان کی زیرِ استعمال رہائش کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

اس سلسلے میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے 30 اکتوبر 2026ء کو مذکورہ مکان میں کی گئی غیر قانونی تعمیرات، حفاظتی چوکیوں کی تنصیب اور سرکاری زمین پر جنریٹر کے قیام پر سخت نوٹس جاری کیا تھا۔

اس کے علاوہ سرکاری ٹھیکوں اور بھرتیوں کے عوض مبینہ طور پر قیمتی جائیدادیں اور مہنگی ‘وی ایٹ’ (V8) گاڑیاں رشوت کے طور پر فراہم کیے جانے کے الزامات بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

متعلقہ اداروں سے ریکارڈ طلب اور سخت کارروائی کا عندیہ

قومی وسائل کی اس مبینہ لوٹ مار کی تہہ تک پہنچنے کے لیے نیب نے قومی شاہراہ اتھارٹی (NHA)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کو سخت احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ ٹھیکوں، بھرتیوں، جائیدادوں اور گاڑیوں کا تمام مالیاتی ریکارڈ فوری طور پر فراہم کریں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد تمام ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور کرپشن کے ثبوت ملنے پر قانون کے مطابق کاتاقب اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top