وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، نوجوانوں کے لیے قرض کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت انفرادی قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ قرض کے حصول کے لیے کم از کم عمر بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عمل درآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد میں اضافے کے بعد نوجوان آسان اقساط میں ڈھائی کروڑ روپے تک قرض حاصل کرسکیں گے۔

حکومت نے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل ہوسکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے،V8 گاڑیوں کا شاہانہ تحفہ، فضل الرحمان، اسعد محمود اور ٹھیکیدار امان اللہ کا 19.28 ارب کا کرپشن ڈرامہ بے نقاب

حکام کے مطابق جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں 10 گنا اضافہ ہوا ہے۔

حکومت نے رواں مالی سال کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو قرض فراہم کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔

وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو مالی معاونت کے ساتھ کاروبار شروع کرنے کے لیے رہنمائی، تکنیکی مشاورت اور کاروباری منصوبہ بندی میں بھی مدد فراہم کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان قرض اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی طلحہ برکی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top