نادرا افسر فہد خان قتل کیس میں اہم پیش رفت، چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی

اسلام آباد: ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واردات میں ملوث چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی جبکہ قتل کے مرکزی ملزم کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، نقل و حرکت اور فرار کے راستوں کا بھی پتا لگا لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آوروں نے واردات سے قبل متعدد مرتبہ علاقے کی ریکی کی اور یونیورسٹی ٹاؤن سے مقتول کا تعاقب بھی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان ملوث تھے، جن کی موجودگی کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عام طور پر بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، تاہم واردات کے روز ان کے اکیلے دفتر آنے کا حملہ آوروں نے فائدہ اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، نوجوانوں کے لیے قرض کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی

دوسری جانب ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیموں کے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے ساتھ بیرون ملک فرار روکنے کے لیے سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق فہد خان کا قتل دیرینہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس حکام ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے محرکات کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

Scroll to Top