راولپنڈی: نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کی اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ ان کے شوہر احسن طاہر کے خلاف درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں مقتولہ کے شوہر کو نامزد کرتے ہوئے قتل کی دفعہ 302 سمیت پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی متعلقہ دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 41 سالہ ربیعہ احسن کو اتوار کی رات راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ، گلشن آباد سیکٹر 2 میں واقع اپنے گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد ان کے شوہر نے ابتدائی طور پر فائرنگ کو حادثاتی قرار دیا تھا۔
مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج ایف آئی آر کے مطابق مدعی اسلام آباد سے اپنی بہن کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی بہن علوینہ نے فون کرکے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی۔
مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں کہ فائر کی آواز سن کر علوینہ کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ احسن خون میں لت پت پڑی تھیں، جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ احسن طاہر نے ان کی بہن کو گولی مار کر قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نجی نیوز چینل کی اینکر ربیعہ احسن گھر میں مردہ پائی گئیں
پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش کے گلے کے نیچے اور پشت پر زخموں کے نشانات موجود تھے۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد 30 بور پستول اور گولیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسن طاہر نے اعتراف کیا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی اہلیہ پر فائر کیا، تاہم وہ اسلحے کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔
ذرائع کے مطابق احسن طاہر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات ہیں، جبکہ مقتولہ دو بیٹیوں کی والدہ تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران راولپنڈی میں خاتون کے قتل کے ایسے نوعیت کا یہ دوسرا ہائی پروفائل واقعہ ہے جس میں مقتولہ کے شوہر کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست کو 45 سالہ حنا جاوید کی لاش لال کرتی کے ایک اپارٹمنٹ کے باتھ روم سے مشکوک حالت میں برآمد ہوئی تھی۔ اس مقدمے میں بھی مقتولہ کے شوہر، سسر اور گھریلو ملازم کو نامزد کیا گیا تھا۔





