نجی نیوز چینل کی اینکر ربیعہ احسن گھر میں مردہ پائی گئیں

راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی کی اینکر پرسن اور پروگرام کی میزبان ربیعہ احسن گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ان کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق ربیعہ احسن کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی، انہیں سامنے سے گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

سی پی او کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر احسن نے ابتدائی بیان میں حادثاتی طور پر گولی چلنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں۔ ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی ماں تھیں اور ان کی عمر تقریباً 40 سال بتائی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور حقائق شواہد کی روشنی میں سامنے لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس میں اہم پیشرفت، ملزمان نے گھر سے دفتر تک تعاقب کیا

واقعے کی مزید تفصیلات اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آسکے گی۔

Scroll to Top