قومی وسائل کی لوٹ مار پر انتظامیہ حرکت میں آگئی،بڑا آپریشن شروع کرنے کا اعلان!

کوہاٹ ڈویژن میں قدرتی وسائل کی غیر قانونی لوٹ مار کے خلاف انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن پرویز خان ثبت خیل نے غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف (آج) منگل سے باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملوث سرکاری اور نجی عناصر کی نشاندہی کے لیے کمشنر آفس میں 24 گھنٹے فعال خصوصی شکایتی سیل قائم کر دیا ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث کسی بھی عنصر کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور کارروائی کے دوران سرکاری و نجی سطح پر ملوث افراد کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

اس حوالے سے کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد نواز وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظہر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نجید اللہ خٹک، اسسٹنٹ کمشنر لاچی شکیل احمد، متعلقہ محکموں کے نمائندوں سمیت پولیس اور انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کی روک تھام کے لیے انتظامی تیاریوں، مجوزہ آپریشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت منگل سے عملی کارروائی شروع کی جائے گی تاکہ اس سرگرمی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

اجلاس میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث سرکاری اور نجی عناصر کی نشاندہی کے لیے شہریوں کی شکایات کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے کمشنر آفس میں 24 گھنٹے فعال شکایتی سیل قائم کر دیا گیا ہے جہاں شہری غیر قانونی کان کنی سے متعلق معلومات، شکایات اور شواہد انتظامیہ تک پہنچا سکیں گے۔

اس اقدام کا مقصد نہ صرف غیر قانونی کان کنی میں براہ راست ملوث افراد کی نشاندہی کرنا ہے بلکہ ان عناصر کا بھی سراغ لگانا ہے جو مبینہ طور پر اس غیر قانونی سرگرمی میں کسی بھی سطح پر معاونت یا سہولت کاری کرتے ہیں۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن پرویز خان ثبت خیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل اور قدرتی ماحول کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

قدرتی وسائل کو غیر قانونی طریقے سے نکالنے اور استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور غیر قانونی کان کنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ انتظامی محکموں، پولیس اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران باہمی رابطہ کاری اور مربوط حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کارروائی مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہو۔

کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ایسی سرگرمیوں سے متعلق مستند معلومات خصوصی شکایتی سیل تک پہنچائیں۔

کوہاٹ ڈویژن میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کا فیصلہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں پی ایس ایل کی دھوم ! سیف گیمز کی میزبانی کے لیے بھی اہم قدم کا اعلان

تاہم اس کارروائی کی اصل کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ انتظامیہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف کتنی مؤثر کارروائی کرتی ہے اور اگر کسی سرکاری اہلکار کی معاونت یا مبینہ سرپرستی سامنے آتی ہے تو اس معاملے کو کس حد تک شفاف انداز میں نمٹایا جاتا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے بھی توقع کی جا رہی ہے کہ خصوصی شکایتی سیل محض ایک انتظامی اعلان ثابت نہیں ہوگا بلکہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی، ذمہ داروں کی نشاندہی اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top