راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکن بولنگ کوچ کابڑا اعتراف،پاکستانی ٹیم فیورٹ قرار!

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار بلے بازی اور بہترین حکمتِ عملی کے بدولت مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن بولنگ کوچ ریان وین نکرک نے کھلے دل سے تسلیم کیا کہ پاکستان اس وقت راولپنڈی ٹیسٹ میں نمایاں طور پر آگے ہے اور سری لنکن بولرز پاکستانی بیٹرز پر دباؤ ڈالنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں نے زبردست نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے روز سری لنکن بالنگ اٹیک کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ پچ پر ابتدائی طور پر موجود گھاس کے باوجود پاکستانی انتظامیہ اور بیٹرز کی بہترین پلاننگ نے حریف ٹیم کی تمام تر تیاریوں پر پانی پھیر دیا۔

سری لنکن بولنگ کوچ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بالرز کی تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستانی ٹیم نے پچ کے باؤنس اور حالات کا بہترین استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کو 300 سے کم رنز پر آؤٹ کرنے کا ہدف رکھتی تھی لیکن قومی ٹیم کے محتاط اور جاندار کھیل نے اس مقصد کے حصول کو بے حد مشکل بنا دیا ہے۔

ریان وین نکرک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ تاریخی طور پر اسپنرز کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے لیکن پاکستانی انتظامیہ نے راولپنڈی میں ایسی متوازن اور عالمی معیار کی پچ تیار کروائی ہے جس پر بلے بازی اور بولنگ دونوں کا توازن موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میچ میں ابھی وقت باقی ہے لیکن پاکستان کی موجودہ حکمتِ عملی اور بلے بازوں کے پراعتماد انداز نے سری لنکا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن قومی ٹیم کی اس شانداراورغالب کارکردگی پر کرکٹ شائقین اور عوامی حلقوں کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم اور بورڈ انتظامیہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی کی پچ اور ہوم کنڈیشنز کا بہترین استعمال پاکستان کی پیشہ ورانہ سوچ کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قومی وسائل کی لوٹ مار پر انتظامیہ حرکت میں آگئی،بڑا آپریشن شروع کرنے کا اعلان!

عوام کے مطابق پاکستان کی نئی اور متحرک قیادت نے ٹیم میں وہ اعتما د پیدا کر دیا ہے جس کے باعث نوجوان بیٹرز بھی دنیا کے بہترین بولرز کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹ جاتے ہیں۔

شائقین نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اسی تسلسل، جذبے اور اعلیٰ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک عبرتناک شکست سے دوچار کرے گا۔

Scroll to Top