ملک بھر میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 10 سے 14 نومبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس دوران خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں 12 اور 13 نومبر کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کا نیا میگا گھپلا، 1.61 ارب کے روڈ پروجیکٹس کی لاگت راتوں رات 6.71 ارب تک کیسے پہنچی؟

اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 11 اور 12 نومبر کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھا سکتی ہے، جبکہ بارش کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔

Scroll to Top