پشاور: خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں اور ان کے ماتحت اداروں میں رائٹ سائزنگ کے تحت غیر ضروری آسامیاں ختم کرنے، محکموں کی تنظیم نو اور سرکاری امور کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت صوبے کے مختلف سرکاری محکموں میں درجنوں خالی اور غیر ضروری آسامیاں ختم کرنے، فالتو عہدوں کو دوسرے محکموں میں ضم کرنے اور سرپلس ملازمین کو مختلف سرکاری اداروں میں ایڈجسٹ کرنے کی تجاویز تیار کی جا رہی ہیں، جنہیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت صوبے بھر کے سرکاری محکموں، ماتحت اداروں اور ترقیاتی منصوبوں میں ملازمین کی تعداد اور ان کی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے سابقہ حکومت کے دور میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے اب اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لیے کام تیز کردیا ہے۔
مجوزہ رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت بی آر ٹی میں لفٹ آپریٹرز کی آسامیوں کو بھی ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے مختلف اسٹیشنوں پر درجنوں لفٹ آپریٹرز تعینات ہیں، تاہم بعض اسٹیشنوں پر لفٹ استعمال نہیں کی جا رہی، جبکہ بیشتر مقامات پر شہری خود لفٹ آپریٹ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ترقی اور خوشحالی کی دھوم، گورنر راج امن کا استعارہ بن گیا، انتشار اور دھرنوں کی سیاست دفن، فتنہ پرور ٹولے کو تالا لگ گیا
دوسری جانب فاٹا سیکرٹریٹ کی بحالی کے حوالے سے بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹریٹ میں مبینہ طور پر بھوت ملازمین کی نشاندہی کرکے انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن میں زیادہ تر کا تعلق قبائلی اضلاع سے بتایا جاتا ہے۔
اسی طرح سرکاری اسکولوں میں تعینات اسکول لیڈرز کی آسامیوں اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے نتیجے میں غیر ضروری قرار پانے والی دیگر پوسٹوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک جیسے فرائض انجام دینے والے محکموں کو ختم کرنے یا دوسرے محکموں میں ضم کرنے، غیر ضروری آسامیوں کی نشاندہی اور سرکاری ملازمین کی تنظیم نو بھی مجوزہ پالیسی کا حصہ ہے۔
رائٹ سائزنگ کمیٹی کو محکموں کی منظور شدہ آسامیوں، حقیقی کام کے بوجھ اور ملازمین کی ضرورت کا جائزہ لے کر غیر ضروری پوسٹیں ختم یا ضم کرنے اور اضافی ملازمین کو دیگر سرکاری اداروں میں ایڈجسٹ کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تیار کردہ تجاویز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد صوبائی سرکاری محکموں کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔





