محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں موسمی صورتحال میں نمایاں تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے صوبہ بھر میں 10 سے 14 نومبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہےجبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہونے سے ٹھنڈ میں اضافے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 10 نومبر کی شام سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور بلند پہاڑیوں پر برفباری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 12 نومبر کو یہ موسمی نظام مزید شدید ہو سکتا ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 14 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : شارجہ ٹیسٹ: زمبابوے نے افغانستان کے خلاف دنیا کا منفرد عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
حکام نے بالائی علاقوں کا سفر کرنے والے مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی سڑکوں پر پھسلن اور آمدورفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔





