اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے سخت سکیورٹی میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
جیل ذرائع کے مطابق پمزہسپتال میں عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کی پہلے سے تجویز کردہ ادویات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مزید ادویات بھی تجویز کیں۔
طبی معائنے کے بعد انہیں سخت سکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ رواں سال 18 اگست کو سپریم کورٹ نے عمران خان کو 48 گھنٹوں کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت میں پیش کی گئی طبی رپورٹس میں ان کے اہم جسمانی اعضا (وائٹل آرگنز) متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔عدالتی حکم کے بعد 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پولیس نے ہسپتال جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بند کر دی تھی، جبکہ سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کو بھی لفٹرز کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد نے بھی اسپتال کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔اس وقت ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے معائنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ عمران خان کو ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری فائلیں اب الماریوں میں نہیں سڑیں گی، ایس آئی ایف سی کا ماسٹر پلان،پختونخوا کے کاروباریوں کی بلے بلے
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی، جبکہ پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا تھا کہ عمران خان کا طبی معائنہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے بجائے پمز اسپتال میں کیا گیا، جہاں شفا ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں، قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لے جایا گیا۔ ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ محترمہ عظمیٰ خان، طبی معائنے / علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں 21 اگست 2026 کی صبح تقریباً 0500 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) August 21, 2026
عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ طبی معائنے کے دوران عمران خان صحت مند پائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس سے قبل بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے اس وقت ہسپتال کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔





