انتشار اور سرکاری املاک کو نذرِ آتش کرنے کا کیس، 9 مئی کے فسادات میں نامزد سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری، گرفتاری کا حکم

پشاور: مئی 2023 میں بپا کیے گئے پرتشدد مظاہروں اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے دوران ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملہ کر کے اسے نذرِ آتش کرنے اور کھلے عام توڑ پھوڑ کے کیس میں پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے سخت قانونی موقوف اپناتے ہوئے خیبر پختونخوا کے معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات میں نامزد سہیل آفریدی کی بار بار عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔

ریڈیو پاکستان پر حملہ اور سرکاری املاک کی تباہی

ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نذرِ آتش کرنے کا یہ ہولناک واقعہ 9 مئی 2023 کو پشاور میں پیش آیا تھا، جب تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے مبینہ طور پر ریاستی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے انتشار کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کی۔

اس پرتشدد کارروائی پر تھانہ ایسٹ کینٹ پشاور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں پولیس کے ضمنی چالان کے تحت خیبر پختونخوا کے معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، ضلعی صدر عرفان سلیم اور پارٹی کارکن عامر خان چمکنی کو سنگین دفعات کے تحت ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

عدالتی کارروائی اور ملزمان کی صورتِ حال

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزم نامزد سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : موت کے منہ سے لوٹ کر دشمن پر جھپٹ پڑے، کے پی پولیس کی زبردست جوابی کارروائی، کرک میں حملہ آوروں کی چیخیں نکل گئیں

عدالت نے پیش ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی ضمانت میں 18 نومبر تک توسیع کی، جبکہ مسلسل غیرحاضر رہنے والے معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کارکن عامر چمکنی کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے ان کے دوبارہ وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔ کیس کی مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حراست (پری ونٹیو کسٹڈی) میں لیا گیا تھا، جس کی تصدیق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران بھی کی تھی۔

بعد ازاں ان کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر پشاور ہائی کورٹ نے سماعت روک کر کیسز کو کاز لسٹ سے خارج کر دیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے اب عدالتی حکم کے تحت پرتشدد واقعات اور سرکاری املاک کی تباہی کے اہم ملزم سہیل آفریدی کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کریں گے۔

Scroll to Top