پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ حساس اور سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مجوزہ پیکج میں ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکرٹری خزانہ ایاز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر کو پولیس پیکج میں اضافے کی مختلف تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گرد بھاری اسلحے سمیت جہنم واصل
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری جلد مکمل کی جائے اور بالخصوص دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ حساس علاقوں میں فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو ترجیح دی جائے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو پولیس شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام سے متعلق پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔





