اورکزئی:خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی کے علاقے ڈبوری میں سیکیورٹی فورسز اور اورکزئی اسکاؤٹس نے ایک اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج (تحریک طالبان پاکستان) کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شہید قبر سے ناری گڑھی اور ڈبوری کے علاقے میں 10 سے 12 دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا، جس کے بعد فوری طور پر کامبیٹ ٹیموں کو ان کا راستہ روکنے اور علاقے کو گھیرے میں لینے کے لیے روانہ کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے اس گروہ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے اس تبادلے اور کامیاب انگیجمنٹ کے نتیجے میں ابتدائی طور پر فتنہ الخوارج کے 8 سے 10 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے لی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور عسکری ساز و سامان بھی برآمد کر لیا ہے، جن میں درج ذیل اشیاء شامل ہیں:
1 عدد M16 رائفل
2 عدد SMGs (سب مشین گنز)
1 عدد RPG (راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ)
1 عدد 0.303 رائفل
7 راؤنڈز AGL (آٹو گرنیلانچر)
آئی ای ڈی (دھماکہ خیز مواد) کے اہم اجزاء اور کمپونینٹس
جہادی لٹریچر
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا صفایا تیز، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی، افغان دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ گرفتار
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے یہ تمام خوارجی عناصر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (فتنہ الخوارج) سے تعلق رکھتے تھے، جو اس علاقے میں کسی بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ اہم پیشرفت خیبرپختونخوا بالخصوص قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کی مسلسل اور فیصلہ کن کوششوں کو نمایاں کرتی ہے۔
جہاں انٹیلی جنس نیٹ ورکس کی مدد سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا رہا ہے اور عوامی تحفظ کو لاحق خطرات کو آہنی ہاتھوں سے روکا جا رہا ہے۔ آپریشن کے حوالے سے مزید تفصیلی شناخت اور وابستگیوں سے متعلق تحقیقات کا عمل جاری ہے۔





