پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان میں تبلیغی جماعت کے افراد کو لے جانے والی کوچ اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 مسافر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے مفتی محمود اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی میتیں بھی ضروری کارروائی کے لیے اسپتال پہنچا دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : ضم اضلاع کے نوجوان امن کے سفیر بنیں، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، گورنر خیبرپختونخوا
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی شناخت ٹیکہ خان، سدیس، وحید گل، میر خان، ارسلہ خان، غلام یاسین، فتح محمد، یوسف، ناظم شاہ، مشرف، حیات شاہ، سراج اور گلفام کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو طبی امداد فراہم کی اور اسپتال منتقل کیا۔





