خیبرپختونخوا کے ڈھائی ہزار اسکول بچوں کے لیے خطرناک قرار، تدریسی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم

رانی عندلیب

پشاور: خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی عمارتیں طلبا اور اساتذہ کے لیے خطرہ بن گئیں، صوبے بھر میں تقریباً ڈھائی ہزار اسکولوں کی عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دے دیا گیا، جس کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ان اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی سلامتی سے متعلق تفصیلی سیفٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 8 ہزار 928 اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 2 ہزار 448 اسکولوں کو طلبا اور اساتذہ کے لیے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹروے پولیس نے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کے لیے خصوصی سفری ہدایات جاری کردیں

سیفٹی آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 3 ہزار 400 اسکولوں کی عمارتوں کو مرمت کی ضرورت ہے، جبکہ مختلف تعلیمی اداروں میں حفاظتی خامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ نے سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی خستہ حالی اور حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے غیر محفوظ قرار دیے گئے اسکولوں میں ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ان اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت، حفاظتی خامیوں کا خاتمہ اور تدریسی سرگرمیوں کی بحالی محکمہ تعلیم کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

Scroll to Top