پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی مقابلوں کی اختتامی تقریب جہلم میں آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی جس میں چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی تقریب میں بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ مختلف کیٹیگریز میں کامیاب کھلاڑیوں اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔
اس سالانہ مقابلے میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز جن میں رینجرز (سندھ اور پنجاب)، گلگت بلتستان (جی بی) اسکاٹس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور سویلینز کی ٹیموں سے تعلق رکھنے والے 1500 سے زائد نشانہ باز وں نے حصہ لیا۔
مقابلوں کے دوران چوتھی انٹر سروسز کمبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی پاک فوج نے اپنے نام کی جبکہ پاک فوج کی آرمی مارک مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکِلز ایٹ آرمزبگ بور نیشنل چیلنج میچ جیت لیا۔
فائرنگ کا سب سے بڑا عسکری اعزاز ماسٹر ایٹ آرمزٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رینجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کے حصے میں آیاجنہوں نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی شاندار فتوحات حاصل کیں۔
مقابلے کے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے نشانہ بازی اور درستگی کی اعلیٰ مہارت پرنشانہ بازوںکی تعریف کی۔ انہوں نے زور دیا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور سپاہی کا طرہ امتیاز ہےاور چھوٹے ہتھیاروں پر عبور حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کا ایک لازمی جزو رہنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ امن کےلیے سنگین خطرہ:ثمر ہارون بلور کی کوہاٹ پولیس پر حملے کی شدید مذمت
تقریب میں آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔





