کوہاٹ دہشت گردوں اور مافیا کا گٹھ جوڑریزہ ریزہ! پولیس کادندان شکن جواب،18 خوارج جہنم واصل

کوہاٹ کے علاقے درابو کچ میں دریائے سندھ پر سونے کی غیر قانونی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کے بعد واپسی پر پولیس کی گاڑی پر خوارج کے خونریز حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 شیر دل اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

دوسری جانب پولیس کے جوانوں نے شاندار شجاعت اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 دہشت گردوں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا۔

ترجمان خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق مقامی سول انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے درابو کچ میں کارروائی کرتے ہوئے سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث مافیا کے خلاف آپریشن مکمل کیا۔

تاہم آپریشن کی کامیابی کے بعد جب پولیس ٹیمیں واپس روانہ ہو رہی تھیںتو جرائم پیشہ مافیا کی ایما پر فتنہ الخوارج کے مسلح دہشت گردوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔

حملے کے فوری بعد پولیس کے جانبازوں نے پوزیشنیں سنبھالیں اور دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔

دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 الخوارج مارے گئے تاہم وطن کے دفاع کی خاطر لڑتے ہوئے ایک سینئر ڈی ایس پی سمیت کے پی پولیس کے 10 اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خونریز واقعہ بیرونی قوتوں، جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج کے آپسی منظّم گٹھ جوڑ کا واضح اور پردہ فاش ثبوت ہے۔

پولیس نے واضح کیا کہ اس کارروائی سے ثابت ہو گیا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دینِ اسلام، انسانیت یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ اپنے مذموم مقاصد اور مالی فائدے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مل کر ملک دشمنی کر رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا پولیس کے حکام نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کے خفیہ اثاثوں کی فہرست طویل :کراچی میں رحیم پلازہ کی بے نامی ایک اور جائیداد سامنے آگئی!

بیرونی پشت پناہی سے چلنے والے اس مافیا اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ خوارج، ان کے سہولت کاروں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر عنصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور صوبے میں کسی بھی غیر قانونی مائننگ یا دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top