چین میں ہر سال منعقد ہونے والا دنیا کا مقبول ترین آن لائن شاپنگ فیسٹیول 11.11 یا ڈبل الیون اپنی غیر معمولی رعایتی قیمتوں کے باعث شہرت رکھتا ہے تاہم اس مرتبہ اس فیسٹیول میں ایک ایسا انوکھا سودا ہوا جس نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
اس سیل کے دوران ایک پورا رہائشی فلیٹ محض 11 چینی یوآن یعنی تقریباً 458 پاکستانی روپے میں فروخت کر دیا گیا۔
یہ غیر معمولی نیلامی چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ (Heilongjiang) کے شہر ہیگانگ میں ایک آن لائن ای کامرس پلیٹ فارم کے تحت منعقد کی گئی۔
نیلام کیا جانے والا فلیٹ ایک رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے جس کا مجموعی رقبہ 68 مربع میٹر ہے اور یہ دو بیڈرومز پر مشتمل ہے۔
اس فلیٹ کی بولی کا آغاز محض ایک یوآن سے ہوا جو بتدریج بڑھتے ہوئے صرف 11 یوآن پر جا کر رک گئی۔
پلیٹ فارم کے اعداد و شمار کے مطابق 5 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والی اس آن لائن نیلامی میں مجموعی طور پر 1,667 افراد نے حصہ لیا۔
اس نیلامی میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیب فرد کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے تاہم اس کی شناخت خفیہ رکھی گئی ہے۔
اتنی کم قیمت پر گھر ملنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب بولی دہندہ نے نیلامی کی لائیو اسٹریم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مستقل طور پر اس شہر میں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن وہ اس فلیٹ کو اپنے پاس محفوظ رکھے گا تاکہ مستقبل میں وہاں جا کر اپنی تعطیلات گزار سکے۔
خریدار کو 11 یوآن کی اصل قیمت کے علاوہ جائیداد کی قانونی ملکیت اپنے نام منتقل کروانے کے اخراجات کی مد میں مزید 2 ہزار یوآن ادا کرنا ہوں گے۔
مقامی پراپرٹی ایپلی کیشنز کے تخمینے کے مطابق ہیگانگ شہر میں اس نوعیت کے سیکنڈ ہینڈ فلیٹ کی عام مارکیٹ قیمت تقریباً 40 ہزار یوآن کے لگ بھگ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں ہوئی، چوہدری سالک دوسروں کی باتوں سے متاثر ہوئے: رانا ثنااللہ
اتنی قیمتی جائیداد کوڑیوں کے بھاؤ فروخت ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فلیٹ نیلام کرنے والے ادارے کے ایک منیجر نے واضح کیا کہ یہ خصوصی پیشکش ڈبل الیون پروموشن مہم کے تحت متعلقہ آن لائن ای کامرس کمپنی کے ساتھ طے پانے والے ایک معاہدے کا حصہ تھی، جس کے تحت اصل مارکیٹ قیمت اور نیلامی کی رقم کے درمیان موجود فرق کو ای کامرس کمپنی خود ادا کرے گی۔





