پشاور: پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی، جبکہ پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ’’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی (ڈولی کپ) سے نوازا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی مقابلوں کی اختتامی تقریب جہلم کے آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

شوٹنگ کے مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026ء تک جاری رہے، جن میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، سندھ اور پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، چاروں صوبوں اور وفاقی رائفل ایسوسی ایشن کی ٹیموں سمیت شہری نشانہ بازوں نے بھی حصہ لیا۔

مجموعی طور پر 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ مختلف کیٹیگریز میں کامیاب نشانہ بازوں اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپیئن شپ ٹرافی جیتی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کی۔

پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی میدان مارا۔اس موقع پر پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو شاندار نشانہ بازی پر اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ’’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی (ڈولی کپ) سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت اور درست نشانے کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : جہلم :آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی مقابلوں کی اختتامی تقریب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطورمہمان خصوصی شرکت
انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں خصوصیت ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔
تقریب میں آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔





