اسلام آباد: مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک اور بری خبر، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا، سوئی گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
درخواستوں کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی اوسط قیمت میں 370 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، جبکہ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے کوئٹہ میں گیس کے بھاری بلوں سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کے آغاز اور گیس کے زیادہ استعمال کے باعث صارفین کے بلوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ اوگرا کے مقرر کردہ ٹیرف کا بھی بلوں پر اثر پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی، حوالدار فضل الرحمان اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز کے حقدار قرار
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق بعض صارفین بھاری بلوں سے بچنے کے لیے گیس میٹرز میں ٹیمپرنگ کرتے ہیں، تاہم ٹیمپر شدہ میٹرز کی بلنگ کنیکٹڈ لوڈ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔
صارفین میٹر کی تبدیلی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ میٹر ٹیسٹ کے دوران اضافی چارجز ثابت نہ ہونے کی صورت میں وصول شدہ رقم واپس کر دی جاتی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے کوئٹہ میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے بلوچستان ریجنل آفس میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا ہے، جو کوئٹہ ریجنل منیجر کی نگرانی میں کام کرے گا۔
ترجمان کے مطابق شدید مالی نقصانات کے باوجود کوئٹہ میں صارفین کو گیس کی فراہمی جاری رکھی جا رہی ہے۔





