محمد رضوان اور امام الحق کے مستقبل کا فیصلہ کون کریگا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کے حوالے سے بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) بہت جلد ان دونوں کھلاڑیوں کو دوبارہ طلب کرے گی اور ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی یہی تحقیقات کریں گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے چند چیزوں پر لازمی وضاحت طلب کی جا رہی ہے، جس کے بعد این سی سی آئی اے اپنی حتمی رپورٹ تیار کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ کرکٹ سے متعلق ہونے والے تمام فیصلوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں انہیں قومی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

اس موقع پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ماسٹر پلان پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اس کے ڈیزائن کا تمام تر کریڈٹ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کو جاتا ہے جنہوں نے ڈیزائننگ ٹیم کے ساتھ مل کر دن رات کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش، برفباری اور دھند کی پیشگوئی

انہوں نے اعلان کیا کہ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کی آخری تاریخ (ڈیڈ لائن) 31 جنوری مقرر کی گئی ہے اور یہ ایک مکمل اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی ہوگی جہاں کھلاڑیوں کو ہر قسم کی جدید ٹریننگ کی سہولیات میسر ہوں گی۔

Scroll to Top