فجیرہ ٹریفک سانحہ:23 گاڑیوں کے خوفناک تصادم نے 14 گھر اجاڑ دیے، 30 افراد لہولہان

متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک انتہائی دلخراش اور خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 30 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی سرکاری بیان کے مطابق یہ خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب شاہراہ پر 18 چھوٹی گاڑیاں اور 5 بڑے ٹرک یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکرا گئے۔

مجموعی طور پر 23 گاڑیوں کے اس خوفناک تصادم کے باعث سڑک پر تباہی کے مناظر دیکھنے میں آئے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی اماراتی حکام اور ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بڑے پیمانے پر ریسکیو و فیلڈ آپریشن شروع کر دیا۔

امدادی اہلکاروں نے تباہ شدہ گاڑیوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو بہترین اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ سیکیورٹی اور ٹریفک حکام جائے وقوعہ پر ضروری قانونی و تکنیکی کارروائی مکمل کرنے میں مصروف ہیں تاکہ اس بڑے حادثے کی اصل وجوہات اور محرکات کا درست تعین کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہستان کرپشن کیس: 51 کروڑ 31 لاکھ واپس، ایبٹ آباد و بشام کے بنگلے ضبط، ملزم نااہل قرار دے کر رہا!

بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام معلومات کی مکمل تصدیق ہونے کے بعد عوام اور میڈیا کے لیے مزید سرکاری تفصیلات جاری کر دی جائیں گی۔

Scroll to Top