کوہستان کرپشن کیس: 51 کروڑ 31 لاکھ واپس، ایبٹ آباد و بشام کے بنگلے ضبط، ملزم نااہل قرار دے کر رہا!

خیبرپختونخوا کی تاریخ کے سب سے بڑے اور ہوشربا مالیاتی اسکینڈل یعنی اپر کوہستان میگا کرپشن کیس میں احتساب عدالت نے ایک بڑا اور تاریخ ساز فیصلہ سنا دیا ہے۔

احتساب عدالت پشاور کے جج نے کیس کے اہم ملزم اور کیشیئر مشرف شاہ کی جانب سے دائر کی گئی 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار 424 روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مشروط طور پر رہا کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے تاہم نیب آرڈیننس کے تحت ملزم کو باقاعدہ سزا یافتہ تصور کرتے ہوئے سرکاری عہدے کے لیے مستقل نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم مشرف شاہ اس کی اہلیہ، بھائی اور دوست نے بغیر کسی دباؤ کے رضاکارانہ طور پر اعترافِ جرم کرتے ہوئے بیانات قلمبند کروائے، جس کے بعد عدالت نے پلی بارگین کی توثیق کی۔

عدالت نے سخت حکم جاری کرتے ہوئے ملزم کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں اور بینک رقوم حکومتِ خیبرپختونخوا کے حق میں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

ضبط کی جانے والی جائیدادوں میں ملزم کی اہلیہ کے نام پر ایبٹ آباد میں قائم عالیشان بنگلا اور بشام میں تین کنال پر محیط قیمتی مکان شامل ہیں، جبکہ ملزم کی مختلف تعمیراتی کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 40 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم بھی سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 30 اپریل 2025 کو منظرِ عام پر آنے والے اس 40 ارب روپے کے میگا اسکینڈل نے صوبے میں سابقہ پی ٹی آئی دورِ حکومت کے دوران ہونے والی مبینہ بدانتظامی، مالی بے ضابطگیوں اور کھلی چھوٹ کا پردہ چاک کر دیا تھا۔

نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق سابقہ دور میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے سے 37 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم نکلوائی گئی مگر حیران کن طور پر زمینی حقائق یہ تھے کہ ان ترقیاتی منصوبوں کا گراؤنڈ پر کوئی وجود ہی نہیں تھا۔

سرکاری خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے ملزم مشرف شاہ نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے نام اور بینک اکاؤنٹس استعمال کر کے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور خردبرد کی۔

سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں احتساب اور شفافیت کے بلند و بانگ دعوؤں کی آڑ میں سرکاری خزانے پر جو ڈاکہ ڈالا گیا کوہستان اسکینڈل اس کی بدترین مثال ہے۔

دوسری جانب صوبے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور اداروں کو آزادانہ کام کرنے کا ماحول فراہم کرنے کے مثبت نتائج اب کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔

گورنر ہاؤس کی جانب سے مسلسل عوامی وسائل کے تحفظ اور شفافیت پر زور دیے جانے کے باعث نہ صرف ماضی کے میگا کرپشن کیسز منطقی انجام تک پہنچ رہے ہیں بلکہ قومی خزانے سے لوٹی گئی اربوں روپے کی ریکوری بھی ممکن ہو رہی ہے جسے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی مالیاتی بازیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس بڑے عدالتی فیصلے اور اربوں روپے کی ریکوری پر خیبرپختونخوا کے شہریوں اور عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جبکہ موجودہ گورنر اور انتظامیہ کی کارکردگی کو بھرپور سراہا ہے۔

پشاور اور ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت نے 10 سال تک تبدیلی اور کرپشن فری صوبے کے جھوٹے نعرے لگا کر عوام کو دھوکہ دیا جبکہ پسِ پردہ ان کی نااہلی اور سرپرستی میں 40 ارب روپے جیسے میگا اسکینڈلز جنم لیتے رہے اور غریب عوام کے ترقیاتی فنڈز کاغذوں میں ہڑپ کر لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی،نوٹیفکیشن جاری

عوامی حلقوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور موجودہ حکومت کے اقدامات کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کی سنجیدہ کاوشوں اور شفاف پالیسیوں کی بدولت آج کرپٹ عناصر قانون کی گرفت میں آ رہے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانے میں جمع ہو رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اس اسکینڈل میں ملوث سابقہ دور کے تمام سیاسی سرپرستوں کو بھی بے نقاب کر کے ان سے پائی پائی وصول کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو عوامی پیسے پر ہاتھ صاف کرنے کی جرات نہ ہو۔

Scroll to Top