موسم سرما کی ہنگامی تیاری: ثمر ہارون بلور کی برفانی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی، سیاحوں کے تحفظ اور شفاف امدادی نظام کی ہدایت

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور کی زیرِ صدارت محکمہ ریلیف کا ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ـ۔

اجلاس میں آئندہ موسمِ سرما 2026-27 کے ونٹر کنٹیجنسی پلان، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، قدرتی آفات، دہشت گردی، ٹریفک حادثات اور صوبے کی مجموعی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران محکمہ ریلیف کے حکام نے ثمر ہارون بلور کو دستیاب وسائل، موجودہ استعدادِ کار، امدادی سامان کے ذخائر، مختلف اضلاع کی ضروریات اور ہنگامی صورتحال میں درکار اضافی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ صوبے کے تمام 37 اضلاع میں موسمِ سرما کے ممکنہ خطرات کا جامع جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے جن میں سے 8 اضلاع کو انتہائی بلند خطرے (ہائی رسک) کی سطح پر قرار دیا گیا ہے۔

اس موقع پر مشیر گورنر ثمر ہارون بلور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں صوبے کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، مؤثر منصوبہ بندی اور تمام اداروں کے مابین مربوط حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔

ماضی کی روایتی سست روی کے برعکس موجودہ گورنر انتظامیہ کی پالیسی ہے کہ کسی بھی سانحے کا انتظار کرنے کے بجائے پہلے سے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے چترال اپر، اپر کوہستان، اپر دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور سوات سمیت برفباری سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برفباری، شدید سردی، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ثمر ہارون بلور نے دور دراز وادیوں اور برفانی علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے بھاری مشینری، ایندھن اور تربیت یافتہ آپریٹرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے، بند ہونے والے راستوں کی پیشگی نشاندہی کرنے اور متبادل گزرگاہیں تیار رکھنے پر زور دیا۔

انہوں نے امدادی سامان کے ذخائر کی فوری تصدیق اور ترسیل و تقسیم کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریلیف کے مالی مسائل اور فنڈز کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا اور محکمہ خزانہ سے فوری مشاورت کی جائے گی۔

مشیر گورنر نے خصوصی ہدایت کی کہ موسمِ سرما میں بے گھر، غریب اور کمزور طبقات بالخصوص خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے۔

مزید برآں انہوں نے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی حفاظت، موسم کی بروقت اطلاعات اور ہنگامی انخلا کے انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں : صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات،نئے انتظامی یونٹس اور 28 ویں ترمیم پر مشاورت!

دہشت گردی اور ٹریفک حادثات کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان مضبوط رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی و امدادی معاونت کی فراہمی کا طریقہ کار انتہائی آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ متاثرین کو دفتری رکاوٹوں کے بجائے ان کی دہلیز پر فوری ریلیف مل سکے۔

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر ثمر ہارون بلور کی جانب سے موسمِ سرما کی آمد سے قبل ہی اس قدر جامع اور پیشگی منصوبہ بندی پر صوبے بھر کے عوامی، سماجی اور سیاحتی حلقوں نے بھرپور مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top