پشاور پولیس کی بڑی کارروائی، معروف سیاسی رہنما کے قتل کا معمہ حل، مقتول کی اہلیہ زیر حراست!

صوبائی دارالحکومت پشاور کے اندرونِ شہر محلہ تسبیح گراں سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و سماجی رہنما احمد علی کے لرزہ خیز مبینہ قتل کا انکشاف ہوا ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی دوسری اہلیہ سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقتول احمد علی پشاور کے معروف اور بااثر خاندان محمد علی خان کے صاحبزادے تھے جن کے قتل کی خبر نے شہر بھر میں شدید تشویش اور خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق احمد علی گزشتہ کئی روز سے پراسرار طور پر لاپتہ تھے جس پر ان کے بیٹے نے تھانہ گلفت حسین ہشنگری میں والد کی گمشدگی کی باقاعدہ رپورٹ درج کرائی تھی۔

ابتدائی طور پر پولیس نے ان کی تلاش کے لیے کوششیں کیں تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش میں اس وقت اہم موڑ آیا جب ایک خاندانی ذریعے سے ملنے والی خفیہ اطلاع پر پولیس نے گزشتہ دنوں بڈھنی نہر سے برآمد ہونے والی ایک نامعلوم لاش کے معاملے کی دوبارہ جانچ پڑتال شروع کی۔

مذکورہ لاش کو شناخت نہ ہونے کے باعث امانتاً سپردِ خاک کر دیا گیا تھا تاہم شواہد اور معلومات کی روشنی میں یہ شبہ ظاہر کیا گیا کہ وہ لاش دراصل لاپتہ سیاسی رہنما احمد علی کی تھی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے پتہ چلا ہے کہ احمد علی کو مبینہ طور پر فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا اور بعد ازاں جرم چھپانے کے لیے ان کی لاش کو ایک کارپٹ میں لپیٹ کر بڈھنی نہر میں پھینک دیا گیا تھا۔

اطلاع اور شواہد ملنے پر پشاور پولیس نے برق رفتار کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقتول کی دوسری اہلیہ سمیت واردات میں مبینہ طور پر ملوث متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موسم سرما کی ہنگامی تیاری: ثمر ہارون بلور کی برفانی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی، سیاحوں کے تحفظ اور شفاف امدادی نظام کی ہدایت

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس ہائی پروفائل کیس کے تمام پہلوؤں سے باریک بینی کے ساتھ تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے تفتیش کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس سفاکانہ قتل کے اصل محرکات کیا تھے اور اس میں کس ملزم نے کیا کردار ادا کیا۔

Scroll to Top