گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے عسکری بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاء اعجاز نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ایک انتہائی اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں عسکری بینک کے کنٹری ہیڈ خورم طارق اور بینک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
اس اعلیٰ سطحی نشست میں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں اور بالخصوص خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے عسکری بینک کے اشتراک سے مختلف فنانسنگ پروگرامز متعارف کرانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے زبانی جمع خرچ کے بجائے ٹھوس عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس سلسلے میں صوبے کی خواتین اور طالبات کو بااختیار بنانے کے لیے ای اسکوٹیز (E-Scooties)کی فراہمی کا خصوصی پروگرام متعارف کرانے کی تجویز زیر بحث آئی تاکہ بچیوں اور ورکنگ ویمن کو محفوظ اور باعزت سفری سہولیات میسر آ سکیں اور وہ تعلیم و روزگار کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔
مزید برآں اجلاس میں نوجوانوں کے لیے آسان شرائط پر سافٹ لونز، چھوٹے کاروبار کے قیام و فروغ کے لیے قرضوں اور ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی قرضوں کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
صوبے میں توانائی کے بحران اور مہنگی بجلی سے پریشان عوام کو ریلیف دینے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا نے سولر انرجی کے فروغ پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے عسکری بینک کے حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو آسان ماہانہ اقساط پر سولر سسٹم فراہم کرنے کے لیے بینک فنانسنگ کا ایک مؤثر اور آسان طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ گھریلو صارفین اور دیگر شعبے متبادل اور سستی توانائی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
ملاقات میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے حوالے سے بھی دو بڑے منصوبے زیر غور آئے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا پولیس کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے بینک حکام سے کہا کہ اس کے لیے قابل عمل فنانسنگ ماڈل تیار کیا جائے۔
اس کے ساتھ ہی صوبے میں بالخصوص پشاور میں چلنے والے روایتی رکشوں کو جدید اور ماحول دوست الیکٹرک رکشوں میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع ای رکشہ فنانسنگ پلان تیار کرنے کی تجویز دی گئی۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پشاور میں رکشوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور ان کی مرحلہ وار ای رکشوں میں تبدیلی سے نہ صرف فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ محنت کش طبقے کو کم خرچ اور جدید روزگار کا ذریعہ بھی میسر آئے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود، نوجوانوں کے روزگار اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے ان عملی اقدامات کو صوبے بھر کے شہریوں، طلبہ، تاجروں اور محنت کش طبقے نے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت نے دس سال تک نوجوانوں کو نوکریوں، قرضوں اور خوشحالی کے صرف سبز باغ دکھائے اور عملی طور پر صوبے کو معاشی بدحالی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہ دیا۔
سابق حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے نہ تو صوبے میں توانائی کے مسائل حل ہو سکے اور نہ ہی پشاور کی فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس کی بڑی کارروائی، معروف سیاسی رہنما کے قتل کا معمہ حل، مقتول کی اہلیہ زیر حراست!
عوامی حلقوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی وژنری قیادت اور بہترین کارکردگی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ گورنر حقیقی معنوں میں صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
طالبات کے لیے ای اسکوٹیز، غریب و متوسط طبقے کے لیے آسان اقساط پر سولر سسٹم، نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضے اور پشاور کے محنت کشوں کے لیے ای رکشہ اسکیم جیسے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ گورنر خیبرپختونخوا صوبے کو ترقی، خوشحالی اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مخلصانہ جدوجہد کر رہے ہیں۔





