گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں خصوصی شرکت کی اور عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کو صوبے کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی بھرپور دعوت دی۔
اس عالمی نوعیت کے اہم فورم میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین، سفارت کاروں اور نامور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
تقریب میں قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کے مشترکہ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات سے مالا مال خطہ ہے اور ہم صوبے میں جدید خطوط پر کان کنی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتے ہیں لہٰذا سرمایہ کار بلا جھجھک خیبرپختونخوا میں منرلز کی تلاش اور ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے نوجوانوں اور خواتین کو معاشی خودمختاری دینے کے لیے آسان قرضوں کا بڑا منصوبہ تیار!
گورنر فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں یقین دہانی کرائی کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ماضی کی پیچیدہ دفتری رکاوٹوں اور سرخ فیتے کے کلچر کا خاتمہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو حقیقی معنوں میں ون ونڈو آپریشن فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کے منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔
اپنے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا قدرتی گیس کی پیداوار میں ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے اور یہاں توانائی و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف سرمایہ کار منافع کما سکتے ہیں بلکہ صوبے میں معاشی خوشحالی اور روزگار کے نئے دور کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی فعال شرکت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن و سیکیورٹی کے دوٹوک اعلانات کو صوبے کے کاروباری، صنعتی اور عوامی حلقوں نے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ پی ٹی آئی کے دس سالہ دورِ حکومت میں بدانتظامی، کرپشن اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہراساں کرنے کی پالیسیوں کے باعث صوبے کا معدنی شعبہ تباہی کا شکار رہا۔
سابق حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے نہ صرف اربوں روپے کے قیمتی قدرتی وسائل ضائع ہوتے رہے بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوا اور صوبے کے نوجوان روزگار کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا انتظامی فیصلہ! 19 افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری
عوامی حلقوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی بہترین کارکردگی اور معاشی سفارت کاری کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ گورنر صوبے کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی فورم پر خیبرپختونخوا کی بھرپور نمائندگی اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت دینے کا اعلان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی صوبے کو معاشی طور پر مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، جس سے صوبے میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔





