امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم سیاسی و پالیسی فیصلے کے تحت نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی اور ایران سے متعلق معاملات سے ہٹا کر ملک کے داخلی امور پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے معاہدے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے دن اب گزر چکے ہیں کیونکہ امریکا کے پاس ایران کے سیکڑوں ارب ڈالرز اور ان کی آبنائے ہرمز موجود ہے۔
صدر ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس جو اس سے قبل ایران جنگ کے خاتمے کی سفارتی کوششوں میں متحرک کردار ادا کر رہے تھے کو ہدایت کی کہ وہ خارجہ محاذ کے بجائے اس مقامی ذمہ داری پر توجہ دیں جو پہلے ہی ان کے سپرد کی جا چکی ہے۔
یعنی امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور بڑے پیمانے پر ہونے والے فراڈ کے خلاف مہم کی قیادت کرنا۔
ٹرمپ نے ڈیموکریٹ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرپشن ان کے خون میں شامل ہے اور اس مجرمانہ سرگرمی کا خاتمہ کر کے امریکی بجٹ کو تیزی سے متوازن کیا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ان کے سابقہ لہجے میں ایک نمایاں تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں وہ یہ عندیہ دیتے رہے تھے کہ امریکی انتخابات کے بعد ایران معاہدہ کرنے پر زیادہ آمادہ ہوگا۔
تاہم یہ تازہ ہدایت امریکی اخبار “وال اسٹریٹ جرنل” کی اس رپورٹ کے محض ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینئرایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہِ راست امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کے ہاتھوں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے اس شکست کی ایک اہم وجہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو قرار دیا تھا اور خود کو اس تنازع سے دور کر لیا تھا۔
جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن نامزدگی کا ایک مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے ایسے میں انہیں ایران معاملے سے الگ کر کے داخلی محاذ پر لانا امریکی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
امریکی سیاسی مبصرین اور سفارتی حلقوں کے نزدیک صدر ٹرمپ کا یہ اقدام مڈٹرم انتخابات کے نتائج کے بعد وائٹ ہاؤس کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کا عکاس ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک طرف ایران کے حوالے سے کسی بھی سفارتی لچک کا تاثر ختم کر کے اپنے سخت گیر ووٹرز کو مطمئن رکھنا چاہتے ہیں تو دوسری طرف جے ڈی وینس کو ایران جنگ کے سیاسی بوجھ سے بچا کر 2028 کی صدارتی دوڑ کے لیے داخلی محاذ پر مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اعتماد کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں ، رانا ثناء اللہ نے قیاس آرائیاں مسترد کر دیں!
دوسری جانب ڈیموکریٹ حلقوں اور ناقدین نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن شکست سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ایران کے حوالے سے صدر اور نائب صدر کے متضاد اشارے امریکی خارجہ پالیسی میں ابہام کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ ڈیموکریٹ ریاستوں پر کرپشن کے الزامات محض سیاسی انتقام اور آئندہ انتخابات کی تیاری کا حصہ ہیں۔





