پی ٹی آئی دورِ حکومت کی تباہ کاریاں اور نااہلی بے نقاب، مالاکنڈ میں ڈھائی ارب روپے کا سڑک منصوبہ کھنڈرات میں تبدیل

مالاکنڈ: خیبرپختونخوا میں نئی صوبائی حکومت کے قیام کے بعد جہاں امن، خوشحالی اور حقیقی ترقی کے سفر کو تیز کرنے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، وہیں گزشتہ پی ٹی آئی دورِ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی، نااہلی اور ادھورے منصوبوں کی تباہ کاریاں عوام کے لیے وبالِ جان بنی ہوئی ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور میں صوبے کے بنیادی ڈھانچے کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا تھا، جس کی تازہ ترین اور بدترین مثال مالاکنڈ میں بٹ خیلہ خار سے قلنگئی تک ڈھائی ارب روپے کی خطیر لاگت سے شروع کیا گیا سڑک کی تعمیرِ نو کا منصوبہ ہے جو سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث تاحال کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔

سابق صوبائی وزیرِ تعمیرات شکیل احمد خان کے دور میں ناقص منصوبہ بندی کے تحت شروع کیے گئے اس پروجیکٹ نے عوام کو سہولت دینے کے بجائے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق بٹ خیلہ خار تا قلنگئی شاہراہ پہلے ہی بہتر اور قابلِ استعمال حالت میں تھی، تاہم محض کاغذی کارروائیوں اور غیر ضروری اکھاڑ پچھاڑ کے تحت تقریباً تین ماہ قبل اچھی بھلی سڑک کو کھود کر تباہ کر دیا گیا اور پھر تعمیراتی کام کو ادھورا چھوڑ کر عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار ایک ٹریلین ڈالر سے کم ہے، 7 ٹریلین ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کا دعویٰ محض پروپیگنڈا اور حقیقت سے منافی ہے، مشیر معدنیات خیبرپختونخوا

اس بدترین نااہلی اور سست روی کے باعث اس مصروف شاہراہ پر سفر کرنا کسی امتحان سے کم نہیں رہا۔ جگہ جگہ گڑھوں، دھول مٹی اور سڑک کی تباہ حالی کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں، مریضوں اور بالخصوص طلبہ کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا ہے جبکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں بھی تباہ ہو رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے پی ٹی آئی دور کی تباہ کن پالیسیوں اور سابق وزیرِ تعمیرات کے ادھورے منصوبوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ حکمرانوں نے قومی خزانے کے اربوں روپے ضائع کر کے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا۔

شہریوں نے موجودہ صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ چونکہ اب صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، اس لیے پی ٹی آئی دور کی اس نااہلی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بٹ خیلہ خار تا قلنگئی سڑک کی معیاری تعمیر کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات مل سکے۔

Scroll to Top