اسلام آباد: فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے مولانا اسد محمود کی سیاست ہمیشہ سے اصولوں کی بجائے اقتدار کی ہوس، منافقت اور مذہب کے نام پر قوم کو لوٹنے پر مبنی رہی ہے۔
مذہب کا مقدس لبادہ اوڑھ کر اقتدار کے مزے لوٹنے والے یہ عناصر آج اس مکروہ حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ ان کے نزدیک سیاست خدمت نہیں بلکہ تجارتی منڈی ہے جہاں دین کی آڑ میں ذاتی تجوریاں بھری جاتی ہیں۔
ایک طرف جمعیت علماء اسلام کے یہ نام نہاد ٹھیکیدار عوام کو اسلام اور دین کا درس دیتے نہیں تھکتے، تو دوسری طرف ان کا اپنا طرزِ زندگی قارون کے خزانوں کو مات دیتا ہے۔
اسد محمود کا یہ شرمناک عمل کہ وہ کروڑوں کی جائیدادوں، شاہانہ گاڑیوں اور پانچ لاکھ روپے کے قیمتی موبائل فونز کے مالک ہونے کے باوجود اپنے گوشواروں میں سالانہ خرچ محض ایک لاکھ بیس ہزار روپے ظاہر کرتے ہیں، اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ یہ ٹولہ عوام کو بے وقوف سمجھتا ہے۔
جس خاندان کی ایک گاڑی کا ماہانہ پٹرول کا خرچہ اس جھوٹے سالانہ تخمینے سے کئی گنا زیادہ ہو، وہ سالانہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے کا ڈھونگ رچا کر کس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے؟
یہ کاغذی سادگی کا ناٹک دراصل ان کی اس مجرمانہ چال کا حصہ ہے جو انہوں نے وزارتِ مواصلات سمیت اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر لوٹ مار کے بازار کو گرم رکھنے کے لیے کھیلی۔
یہ بھی پڑھیں : عوام میں امریکا مردہ باد، بند کمروں میں آقاؤں کی خوشنودی، فضل الرحمان کا دہرا اور منافقانہ کردار پھر سے بے نقاب
وزارتِ مواصلات میں اپنے دورِ اقتدار کے دوران اسد محمود اور ان کے والد فضل الرحمان نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے من مانی سیاسی بھرتیاں کیں، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور ملک کو اپنے خاندانی جاگیر کی طرح استعمال کیا۔
آج جب غریب عوام مہنگائی، بے روزگاری اور کسمپرسی کی چکی میں پس رہے ہیں، تب یہ طاقتور اور مفاد پرست ٹولہ کاغذوں میں فقیر بن کر قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کر رہا ہے۔
اب یہ وقت گزر چکا ہے جب یہ خود ساختہ “مقدس گائے” قانون اور احتساب سے بالاتر رہ کر ملک کو لوٹتی رہتی تھیں۔ کرک سمیت پورے ملک کے غیرت مند عوام کا یہ دو ٹوک مؤقف بن چکا ہے کہ ان کی بے نامی جائیدادوں، شاہانہ اثاثوں اور دولت کے اصل منبع کی اعلیٰ سطح پر فوری اور کڑی تحقیقات کی جائیں۔
مذہب کارڈ استعمال کرکے سیاست چمکانے اور قومی وسائل پر عیش کرنے والے ان عناصر کو اب پائی پائی کا حساب دینا ہوگا، اور اداروں کو بھی اس مکروہ ڈھونگ کا نوٹس لے کر ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔





