پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سید فراز علی شاہ نے معدنیات کے شعبے میں امریکا کی جانب سے 7 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ اس مبینہ پیشکش میں کوئی حقیقت نہیں ہے، کیونکہ خود پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) ایک ٹریلین ڈالر سے کم ہے، تاہم اگر کوئی ملک واقعی پاکستان کے معدنی وسائل میں بڑی سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات کسی مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کے لیے ایک ہی بات بار بار دہرائی جاتی ہے مگر عملی طور پر کچھ سامنے نہیں آتا، حالانکہ خلیجی ممالک کی طرح پاکستان کو بھی اپنے زمین میں چھپے قدرتی وسائل نکال کر ملکی ترقی پر خرچ کرنے چاہئیں۔
صوبائی حکومت کے 100 روزہ اہداف پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر معدنیات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ دہشت گردی نے نوجوانوں کے خواب چھین لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صرف سیاست نہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو کے “سیاسی ری سیٹ” کے بیان پر محسن نقوی کا ردعمل
انہوں نے کہا کہ بدامنی کی وجہ سے دنیا صوبے کو دہشت گردی سے متاثرہ خطہ سمجھتی ہے، حالانکہ خیبرپختونخوا کا اصل تشخص کھیلوں، سیاحت اور قدرتی وسائل سے وابستہ ہے جس پر پڑی بدامنی کی گرد کو صاف کرنا ضروری ہے۔
سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سید فراز علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق اور مغرب دونوں اطراف سے چیلنجز کا سامنا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ بعض دوست ممالک اسے اپنی جنگ قرار نہیں دیتے۔
انہوں نے دو ٹوک مؤقف اپنایا کہ کسی فوجی یا پولیس اہلکار پر حملہ دراصل پاکستان پر حملہ ہے اور اس معاملے کو محض شہادتوں کے بیانیے تک محدود رکھنے کے بجائے وسیع قومی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
معدنیات کے شعبے میں اصلاحات اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر معدنیات نے بتایا کہ معدنیات ایکٹ میں نئی ترامیم زیر غور ہیں جن کے تحت دریاؤں سے سونا نکالنے، اس کی ٹریٹمنٹ اور لیزوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قانونی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی غیر قانونی کان کنی کی آڑ میں دہشت گردی کی فنڈنگ، شرپسند مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی متوقع
انہوں نے انکشاف کیا کہ نظام پور سے کوہاٹ تک دریائے سندھ کے کنارے واقع پلیسر گولڈ بیلٹ میں غیر قانونی کان کنی کی شکایات پر گزشتہ روز سے ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ علاقے کو غیر قانونی کان کنوں سے پاک کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل پوری قوم کا اثاثہ ہیں نہ کہ کسی غیر قانونی کان کن کی ذاتی ملکیت، اس لیے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
مزید برآں، ڈاکٹر سید فراز علی شاہ نے بتایا کہ محکمہ معدنیات کے قیام سے لے کر اب تک الاٹ کی گئی تمام لیزوں کا ریکارڈ طلب کر کے ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے، جس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ان لیزوں سے سرکاری خزانے میں کتنی آمدنی جمع ہوئی اور شعبے میں کہاں کہاں بے ضابطگیاں یا کرپشن کی گئی ہے۔





