بیرونی ایجنٹوں کے لیے زمین تنگ، فیصل کریم کنڈی کا دہشتگرد نیٹ ورکس جڑ سے اکھاڑنے پر فورسز کو خراجِ تحسین

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے 35 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پے در پے کامیابیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال بہادری اور مضبوط قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی یہ مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں صوبے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : میر علی اور ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 43 دہشتگرد جہنم واصل

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا جڑ سے مکمل خاتمہ اس وقت وقت کی سب سے اہم اور بنیادی ضرورت ہے تاکہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کامیاب کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کو سیکیورٹی فورسز کی بہترین اور کامیاب حکمت عملی قرار دیا جس کی بدولت دہشت گردوں کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے ناپاک عزائم کو وقت پر ناکام بنایا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے ملک دشمن عناصر کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

گورنر نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Scroll to Top