میر علی اور ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 43 دہشتگرد جہنم واصل

پشاور: سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خطرات کا جڑ سے خاتمہ کرنے اور خوارج کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انتہائی کامیاب اور بھرپور کارروائیاں کی ہیں، جن کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے مجموعی طور پر 74 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں سمیت میر علی اور ضلع اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے جہاں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خوارج کے متعدد اہم ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 35 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ ضلع اورکزئی میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران بھی مزید 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا، اس طرح صرف ان دو اضلاع میں گزشتہ دو روز کے دوران 43 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان کامیاب کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں کیے جانے والے کلیئرنس آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ایک بہت بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، جس میں بڑی تعداد میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی شامل تھیں جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت قبضے میں لے کر دشمن کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے مذموم عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار ایک ٹریلین ڈالر سے کم ہے، 7 ٹریلین ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کا دعویٰ محض پروپیگنڈا اور حقیقت سے منافی ہے، مشیر معدنیات خیبرپختونخوا

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مزید چھپے ہوئے خوارج کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ تاحال پوری رفتار اور شدت کے ساتھ جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا بھی صفایا کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے جذبے کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، جس کا بنیادی اور حتمی مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

Scroll to Top