پشاور: مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران ثمر ہارون بلور نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) میں جدید مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں ریئل ٹائم ڈیٹا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کے ذریعے صوبے بھر میں قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال کی نگرانی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا صوبے کے تمام اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ادارے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 عوام کو معلومات، رہنمائی فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے لیے چوبیس گھنٹے فعال ہے، تاکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کر سکیں۔
حکام نے بتایا کہ صوبے بھر میں ہنگامی حالات کے دوران عوام کے تحفظ اور عارضی رہائش کی فراہمی کے لیے 185 محفوظ کیمپ سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسی طرح جالوزئی میں قائم ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی میں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور متاثرہ آبادی کی فوری امداد کے لیے ضروری سامان ذخیرہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سونے اور تانبے کے نئے ذخائر دریافت
مشیر گورنر کو متاثرین کی مالی معاونت کے لیے متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے مختلف منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی، ممکنہ نقصانات میں کمی اور مؤثر ردعمل کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ابتدائی انتباہی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کرنے اور پیشگی اقدامات کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس موقع پر جینڈر بیسڈ وائلنس اِن ایمرجنسیز (GBViE) فریم ورک کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان کا یہ فریم ورک جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا فریم ورک ہے، جسے وزیراعظم پاکستان نے COP29 میں قومی دستاویز کے طور پر پیش کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فریم ورک قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران صنفی حساس تیاریوں کو فروغ دینے کے ساتھ خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آفات کے دوران متاثرہ افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور تحفظ کے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 35 دہشت گرد جہنم واصل، مشیر گورنر خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
ثمر ہارون بلور نے پی ڈی ایم اے کی مجموعی کارکردگی، ادارہ جاتی اقدامات اور عوامی خدمت کے لیے جاری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید نظام، بہتر منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کاری انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پی ڈی ایم اے کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے ادارے کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور عوامی خدمت کے لیے کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کو بروقت امداد کی فراہمی، متاثرین کی بحالی اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دورے کے اختتام پر پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوامی تحفظ کے لیے ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





