اسلام آباد: پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ ماڑی انرجیز نے اس اہم پیشرفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔
ماڑی انرجیز کے مطابق نئے معدنی ذخائر بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ایسٹ سیاہ ڈک (East Siah Dik) ٹارگٹ میں دریافت ہوئے ہیں، جو عالمی شہرت یافتہ ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ایسٹ سیاہ ڈک (ESD-1) ٹارگٹ میں تانبے اور سونے کی معدنیات کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ یہ معدنیات تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں۔
اس پیشرفت کو بلوچستان میں معدنی وسائل کی تلاش کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ماڑی انرجیز نے معدنی ذخائر کی مزید تفصیلات اور ان کی وسعت جاننے کے لیے تلاش کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں کمپنی چاغی کے علاقے میں مزید ایک ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کرے گی تاکہ زیرِ زمین معدنی ذخائر کی مقدار، نوعیت اور ممکنہ معاشی اہمیت کا تعین کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ دہشت گردوں اور مافیا کا گٹھ جوڑریزہ ریزہ! پولیس کادندان شکن جواب،18 خوارج جہنم واصل
کمپنی کے مطابق منصوبے سے سونے اور تانبے کے حصول کا امکان 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے، تاہم اس کے لیے مزید تکنیکی جائزوں اور معدنی ذخائر کی تصدیق کا عمل مکمل ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب دریافت شدہ معدنی ذخائر کے نمونے مزید جانچ کے لیے آسٹریلیا کی کمپنی اور آر ای اے ایس (REAS) کو ارسال کر دیے گئے ہیں، جہاں ان کے تجزیے کے ذریعے معدنیات کے معیار اور مقدار سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جائیں گی۔
ماڑی انرجیز نے معدنی ذخائر کے جائزے اور تکنیکی منظوری کے لیے جون موریٹائمر جیو سائنسز کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، تاکہ دریافت کی تکنیکی حیثیت اور ممکنہ معاشی افادیت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق بلوچستان خصوصاً ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے وسیع معدنی امکانات موجود ہیں۔ ریکوڈک کے قریب نئی دریافت پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، برآمدات اور ملکی معیشت کے لیے مستقبل میں اہم امکانات پیدا کر سکتی ہے۔





