اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں کے تقابلی جائزے میں سنگین تضادات سامنے آئے ہیں۔
سامنے آنے والی دستاویزات کے مطابق حلقہ این اے 265 پشین کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی (فارم بی) اور ٹیکس ریکارڈ میں اثاثوں کی مالیت اور نوعیت میں غیر معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس پر سیاسی و قانونی حلقوں کی جانب سے سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دستاویزی ریکارڈ کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ فضل الرحمان نے حلقہ این اے 265 پشین کے فارم بی میں اپنی اہلیہ کو والدین کی جانب سے ملنے والے 55 تولہ طلائی زیورات کی مجموعی مالیت محض 9 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی ہے، جس کے حساب سے فی تولہ سونے کی قیمت صرف 17 ہزار 272 روپے بنتی ہے۔
ایف بی آر کے ٹیکس گوشواروں کے مطابق سال 2023 تک یہی 9 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم زیورات کے خانے میں درج رہی، تاہم سال 2024 کے ریکارڈ میں اچانک زیورات کا خانہ مکمل طور پر خالی کر دیا گیا اور عین وہی 9 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم اسلحے (آرمز ڈیفرنس ٹائپ) کے خانے میں منتقل کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : معدنی ترقی کا اصل فائدہ مقامی آبادیوں کو ملنا چاہیے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری لانا ہوگی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب
ریکارڈ کے مطابق اسلحے کے خانے میں منتقل ہونے والی اس رقم میں بغیر کسی فروخت کے اندراج کے مسلسل کمی بھی دیکھنے میں آئی، جہاں یہ مالیت سال 2025 میں کم ہو کر 5 لاکھ 50 ہزار روپے اور سال 2026 کے گوشواروں میں مزید گھٹ کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے رہ گئی۔
دوسری جانب فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے انتخابی فارم بی اور ایف بی آر ریکارڈ میں بھی اسی نوعیت کے تضادات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق اسعد محمود نے فارم بی میں اپنی اہلیہ کے پاس 3 تولہ سونا ہونے کا ذکر کیا، مگر ایف بی آر کے ٹیکس ریکارڈ میں سال 2021 سے لے کر 2025 تک اس سونے کی مالیت صفر روپے درج رکھی گئی۔
سال 2026 کے ریکارڈ میں اچانک اس 3 تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار 737 روپے ظاہر کی گئی، جس کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت محض 2 ہزار 245 روپے بنتی ہے، اور مبصرین کے مطابق یہ ہندسہ دراصل ان کے سال 2026 کے ریکارڈ میں درج نقد رقم (کیش ان ہینڈ) کے خانے سے ہو بہو نقل کیا گیا معلوم ہوتا ہے، جبکہ اس کے برعکس انہوں نے اپنے پاس موجود 3 پستولوں اور 2 رائفلوں کی مالیت ٹیکس ریکارڈ میں صفر روپے ظاہر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مکروہ دھندے بے نقاب، فضل الرحمان کے کالے دھن کا کارندہ جاوید اقبال تحقیقاتی ادارے کے شکنجے میں آ کر گرفتار
آئینی و قانونی ماہرین کے مطابق اثاثوں کے گوشواروں میں غلط بیانی یا حقائق چھپانا الیکشن ایکٹ 2017ء، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت ہر امیدوار اور رکنِ اسمبلی اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کے اثاثوں کی درست تفصیلات جمع کرانے کا پابند ہے، اور جان بوجھ کر تضاد یا غلط بیانی ثابت ہونے پر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 167 اور 174 کے تحت کرپٹ پریکٹس کے جرم میں تین سال تک قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ دفعہ 137 کی ذیلی شق 4 کے تحت الیکشن کمیشن رکنیت معطل کر کے فوجداری کارروائی کا آغاز بھی کر سکتا ہے۔
اسی طرح آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت بددیانتی ثابت ہونے پر نااہلی کی سزا بھی مقرر ہے، جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 116، 182 اور 192 کے تحت ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں غلط اندراجات یا اثاثوں کی نوعیت تبدیل کرنے پر بھاری جرمانے اور فوجداری مقدمات کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر ان دستاویزات کا فوری نوٹس لے کر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔





