دستاویزی ریکارڈ اور طرز زندگی میں زمین اور آسمان کا فرق؟ فضل الرحمان اور اسعد محمود کے شاہانہ پروٹوکول کے ذرائع پر سوالات اٹھ گئے

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے حلف ناموں (فارم ب) اور چھ سالہ ٹیکس گوشواروں کے جائزے سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیرِ مواصلات اسد محمود کے مالی ریکارڈ اور ان کے عملی رہن سہن میں واضح تضاد سامنے آیا ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق سرکاری کاغذات میں ذاتی سواری اور رہائشی اخراجات صفر ظاہر کیے جانے کے باوجود، دارالحکومت کے پوش سیکٹرز میں اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کے استعمال اور مہنگے سفری انتظامات کے اس معاملے پر عوامی و سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے فارم بی میں گاڑیوں کے خانے میں لکیریں لگا کر یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے یا ان کے اہل خانہ کے نام پر کوئی گاڑی یا موٹر سائیکل رجسٹرڈ نہیں ہے، تاہم عوامی اجتماعات میں ان کے قافلوں میں قیمتی وی ایٹ (V8) اور بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال عام دیکھا گیا ہے۔

تحقیقاتی زاویے سے یہ نکتہ بھی اہم ہے کہ اگر کاغذات میں ایک موٹر سائیکل تک کی ملکیت نہیں دکھائی گئی، تو ان قیمتی گاڑیوں کے اخراجات کون اٹھا رہا ہے اور کیا انہیں ایف بی آر کے ریکارڈ میں تحفے یا عارضی استعمال کے طور پر درج کیا گیا ہے یا نہیں۔

کاغذات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے ٹیکس ریکارڈ میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور (G-6/4) کے مکان نمبر 7 اور تقریباً دو ارب روپے مالیت کے چار کنال پر محیط مکان نمبر 11 کی ملکیت کا کوئی نام و نشان موجود نہیں۔ اس کے علاوہ، ٹیکس گوشواروں میں نہ تو کسی ہاؤس لون کا ذکر ہے اور نہ ہی کسی مالک مکان کو کرایہ ادا کرنے کا کوئی اندراج دکھایا گیا ہے۔

دستاویزات بتاتی ہیں کہ یہ بنگلے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ٹھیکیدار امان اللہ اور کرک سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیدار جاوید اقبال کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ٹھیکیدار امان اللہ (جو ناران میں ماؤنٹ حیات ہوٹل اور گلبرگ گرینز میں دفتر کے مالک ہیں) کو نیب کی جانب سے نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں۔

مبصرین کے نزدیک اس صورتحال میں مفادات کے ٹکراؤ کا پہلو اس لیے اہم ہے کیونکہ اسد محمود ماضی میں وفاقی وزیرِ مواصلات رہ چکے ہیں اور این ایچ اے اسی وزارت کے ماتحت کام کرتی ہے۔ تحقیقاتی حلقوں میں یہ سوال شدت سے زیرِ بحث ہے کہ سرکاری ٹھیکیداروں کی جائیدادوں کا یہ غیر اعلانیہ استعمال کیا محض ذاتی تعلق ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات ہیں۔

 

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت اثاثوں کی درست تفصیلات دینا لازمی ہے، اور حقائق چھپانے پر دفعہ 167 اور 174 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 116 کے تحت بھی اثاثوں کو ظاہر کرنا ضروری ہے۔

دوسری طرف حامیوں کا مؤقف رہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی اور رہائش کے انتظامات پارٹی فنڈز، خیر خواہوں یا رفقاء کے تعاون سے ہوتے ہیں جنہیں ذاتی ملکیت نہیں کہا جا سکتا، تاہم شفافیت کے حامی حلقوں کا اصرار ہے کہ سرکاری ریکارڈ اور طرزِ زندگی کے اس فرق پر متعلقہ فورمز پر وضاحت لازمی ہے تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے ہو سکیں۔

Scroll to Top