رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور میں نرسنگ و مڈوائفری کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ (RMI) میں رحمان کالج آف نرسنگ کے زیراہتمام نرسنگ اور مڈوائفری کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس (ICNM 2026) باقاعدہ طور پر شروع ہو گئی ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک سے نرسنگ کے نامور ماہرین، اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

تیرہ اور چودہ نومبر کو جاری رہنے والی اس دو روزہ کانفرنس میں اکتیس قومی و بین الاقوامی مقررین نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبوں میں اپنے تحقیقی مقالے اور تجربات پیش کر رہے ہیں۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر ڈاکٹر سید علی فرحان رازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر کانفرنس کی چیئرپرسن سیلے سرک رحمان، چیئرمین آر ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد رحمان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق الرحمان بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن انٹرنیشنل کانفرنس کا کہنا تھا کہ نرسنگ اور مڈوائفری صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ملکی اور غیر ملکی ماہرین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ کرنا اور نرسنگ کی تعلیم، تحقیق اور عملی تربیت کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ایونٹ کے نتیجے میں مختلف طبی تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ ملے گا اور پاکستان میں نرسنگ کے شعبے کو بلند ترین معیار تک لے جانے میں مدد ملے گی۔

تقریب کا ایک اور اہم اور تاریخی لمحہ چار معروف تعلیمی اداروں کے مابین باضابطہ معاہدے پر دستخط تھا، جن میں رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور اور آغا خان یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد نرسنگ اور مڈوائفری کی تعلیم، تحقیق اور پروفیشنل ٹریننگ کے شعبے میں مشترکہ کاوشوں کو تیز کرنا ہے۔

کانفرنس کے دوران ناروے سے تعلق رکھنے والی پروفیسر ڈاکٹر ٹووے گسکے نے خصوصی کلیدی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ مختلف علمی سیشنز میں نرسنگ کی جدید تعلیم، مریضوں کی معیاری دیکھ بھال، مصنوعی ذہانت (AI) اور طبی شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے سیرحاصل گفتگو کی گئی۔

تقریب کے دوران ایک انتہائی جذباتی اور پُروقار فضا اس وقت دیکھنے میں آئی جب پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کی بہادر اسٹاف نرس رضیہ نورین کو ان کی شاندار شجاعت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ موصوفہ نے ہسپتال میں اچانک آتشزدگی کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈالا اور شدید دھوئیں اور ہلاکت خیز دھماکوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایک معصوم نومولود بچے کو بحفاظت باہر نکال کر اس کی زندگی بچائی تھی۔ ان کی اس جرات مندانہ کارنامے کو کانفرنس کے تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر بھرپور انداز میں سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع پشاور کے آر ٹی ایس ایمبیسیڈرز کی ڈی ایم او تاشفین اسرار کے ساتھ آن لائن میٹنگ، عوامی آگاہی پر زور

کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبوں میں تعلیم، اعلیٰ معیار کی تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح کے اداروں کے مابین اشتراکِ عمل اور تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

Scroll to Top