دین کے نام پر سیاست، قانون کی باتیں اور احتساب کے وقت فراری؟ اسعد محمود کی عدم پیشی نے سیاسی و مذہبی دعوؤں کامکروہ چہرہ بے نقاب کردیا!

دین، قانون اور اخلاقیات کا درس دینے والے خود احتساب سے فراری؟ اسعد محمود نیب کے دوسرے نوٹس پر بھی پیش نہ ہوئے، پاکستان پوسٹ میں ہزاروں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا بھانڈا پھوٹنے لگا۔

دوسروں کو دین، اخلاقیات، آئین اور قانون کی بالادستی کا درس دینے والے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود خود احتساب کے مرحلے پر خاموش، قومی احتساب بیورو (نیب) کے دوسرے کال اپ نوٹس پر بھی پیش نہ ہو سکے۔

عوام کو قانون کی پاسداری کی تلقین کرنے والی سیاسی قیادت کے اپنے طرزِ عمل نے کئی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ آخر قانون کی حکمرانی کا اصول صرف عوام اور سیاسی مخالفین کے لیے ہے یا مذہبی و سیاسی رہنما بھی اس کے پابند ہیں؟۔

پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ اسعد محمود کے لیے ایک بڑا امتحان بنتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کاغذات نامزدگی میں جھوٹ کا کالا چٹھا باہر آنے پرشہریوں کا پارہ ہائی،فضل الرحمان کی سیاست کو لپیٹنے کے لیے اسپیکر کو خط لکھ دیا

نیب کی جانب سے مسلسل دوسری مرتبہ طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہ ہونا اور پہلے جمع کرائے گئے تحریری جواب کا غیر تسلی بخش قرار پانا معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

نیب حکام کے مطابق اسعد محمود کو پہلے 10 نومبر کو طلب کیا گیا تھا تاہم عدم پیشی پر 13 نومبر کو دوسرا کال اپ نوٹس جاری کیا گیا۔

اس کے باوجود وہ تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ سوال یہ ہے کہ اگر اپنا دامن صاف ہے تو تحقیقات میں تعاون کرنے اور حقائق سامنے لانے میں ہچکچاہٹ کیوں؟۔

نیب دستاویزات نے پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کے حوالے سے ایسے اعداد و شمار سامنے رکھے ہیں جو کئی سوالات کو جنم دیتے ہیں۔

منظور شدہ 2 ہزار 646 آسامیوں کے مقابلے میں 4 ہزار 252 افراد کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے، یعنی منظور شدہ تعداد سے 1 ہزار 606 زیادہ افراد بھرتی کیے گئے۔

تحقیقات میں وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے برخلاف تقرریوں، مستقل بنیادوں پر بھرتیوں، سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر نوازنے، جعلی دستاویزات کے استعمال، عمر کی مقررہ حد سے تجاوز اور ڈومیسائل کوٹے کی مبینہ خلاف ورزیوں جیسے سنگین معاملات زیرِ تفتیش ہیں۔

یہاں سب سے بڑا سوال سیاسی اور مذہبی قیادت کے دوہرے معیار کا ہے۔ عوام کو منبر، جلسوں اور پارلیمان میں انصاف، دیانت داری اور قانون کی حکمرانی کے بلند بانگ درس دینے والے جب خود احتسابی اداروں کی طلبی پر پیش ہونے سے گریز کریں تو ان کے دعوؤں اور عملی کردار کے درمیان فرق نمایاں ہو جاتا ہے۔

کیا قانون کی بالادستی کا مطالبہ صرف تقریروں میں اچھا لگتا ہے؟ کیا احتساب کی باری اپنی طرف آئے تو اداروں کے سامنے پیش ہونا اختیاری ہو جاتا ہے؟۔

سیاسی ناقدین کے مطابق عوامی نمائندگی اور مذہبی وابستگی کسی بھی شخص کو احتساب سے بالاتر نہیں بناتی۔

اگر کسی سابق وزیر کے دور میں بھرتیوں کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیوں کی تحقیقات ہو رہی ہیں تو انہیں سامنے آ کر اپنا مؤقف دینا چاہیے۔

مسلسل عدم پیشی سے نہ صرف سیاسی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ عوام کے ذہنوں میں بھی نئے سوالات جنم لیتے ہیں۔

اب اسعد محمود کے سامنے واضح راستہ ہےکہ نیب کے سامنے پیش ہوں، بھرتیوں کے اعداد و شمار اور فیصلوں کی وضاحت کریں اور الزامات کا قانونی جواب دیں۔ ورنہ دین، دیانت، اخلاقیات اور قانون کی بالادستی کے دعوے عوامی تنقید کی زد میں رہیں گے۔

پاکستان پوسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور نیب نوٹسز پر عدم پیشی کے معاملے پر عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، تاہم شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اس طرزِ عمل پر شدید تنقید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے متعدد شہریوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ملک میں لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان میرٹ پر سرکاری ملازمتوں کے منتظر ہیں ایسے میں منظور شدہ تعداد سے زائد بھرتیوں اور قواعد کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزامات انتہائی تشویشناک ہیں۔

تنقید کرنے والے شہریوں کا مؤقف ہے کہ عوام کو قانون اور اخلاقیات کا درس دینے والے رہنماؤں کو خود بھی احتسابی اداروں کے سامنے پیش ہو کر جواب دہی کی مثال قائم کرنی چاہیے کیونکہ مسلسل عدم پیشی سے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔

Scroll to Top