فضل الرحمان کے بھائی کے مالیاتی اسکینڈلز کا پول کھل گیا، اثاثوں میں ہوشربا اور حیرت انگیز تضادات سامنے آگئے،حساب کتاب طلب!

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی اور سرکاری بیوروکریٹ ضیاء الرحمان کے مالیاتی امور ایک بار پھر طوفان کی زد میں آ گئے ہیں کیونکہ ان کی جمع کردہ ویلتھ سٹیٹمنٹ میں ایسے حیرت انگیز اور ہوشربا تضادات سامنے آئے ہیں جنہوں نے سیاسی و انتظامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

ایک سرکاری منصب پر فائز ہونے کے باوجود موصوف کے اثاثوں، بے نامی وراثتی جائیدادوں کی برائے نام قیمتوں اور کروڑوں روپے کی غیر واضح نقد وصولیوں نے نیب اور ایف بی آر جیسے قومی اداروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے اور عوام بھی یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ قانون کے نفاذ کے ذمے دار خود ان باریکیوں سے کیسے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔

موصوف کی جانب سے جمع کروائے گئے مالیاتی ریکارڈ اور گوشواروں کا جائزہ لیا جائے تو کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آتے ہیں:

سسر سے کروڑوں روپے کی نقد وصولی:
سرکاری ریکارڈ کے مطابق سال 2022ء کے دوران موصوف نے اپنی اہلیہ کے محترم والد یعنی سسر سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے نقد وصول کیے۔

تاہم تاحال یہ صقحہِ قرطاس پر موجود نہیں کہ یہ اتنی بڑی رقم کس مد میں کن حالات میں اور کس قانونی ذریعے سے ہاتھ آئی۔

اس بھاری بھرکم کیش ٹرانزیکشن کی پشت پر نہ تو کوئی واضح بینکنگ ٹرانزیکشن کا ریکارڈ موجود ہے اور نہ ہی کوئی باقاعدہ تحریری معاہدہ یا قانونی دستاویز دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دستاویزی ریکارڈ اور طرز زندگی میں زمین اور آسمان کا فرق؟ فضل الرحمان اور اسعد محمود کے شاہانہ پروٹوکول کے ذرائع پر سوالات اٹھ گئے

صفر مالیت کی حامل 375 کنال وراثتی اراضی:
کاغذات کی حد تک تو 375 کنال پر محیط وسیع و عریض وراثتی زرعی اراضی کا ذکر موجود ہے لیکن کمالِ ہشیاری سے اس زمین کی مالیاتی قیمت مسلسل پانچ سالوں تک صفر ظاہر کی گئی ہے۔ یہاں یہ سوال جنم لیتا ہےکہ کیا اتنی بڑی اراضی کی مارکیٹ میں کوئی بھی مالی قیمت یا حیثیت موجود نہیں ہے؟

جائیدادوں کی مٹی کے مول دکھائی جانے والی ویلیو:
ڈیرہ اسماعیل خان جیسے اہم مقام پر دو کنال پر پھیلا ہوا رہائشی مکان سال 2011ء سے لے کر 2025ء تک مسلسل محض 75 لاکھ 90 ہزار روپے ہی ظاہر کیا جاتا رہا ہے جو کہ اس کی حقیقی مارکیٹ ویلیو کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

کیا اس قیمت پر اس گھر کو خریدا جا سکتا ہے؟ اسی طرح ایک کنال 8 مرلہ کی رہائشی زمین کی مالیت تیرہ سال گزرنے کے باوجود صرف 72 ہزار روپے ہی بتائی گئی ہے۔

میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں ساڑھے تین کنال سے زائد زرعی اراضی کی قیمت محض ایک لاکھ 80 ہزار روپے ظاہر کرنے کے پیچھے بھی ایک گہرا معمہ چھپا ہوا ہے۔

پراپرٹی کا کاروبار اور تنخواہوں کے انبار:
سنہ 2025ء کے دوران ایک پراپرٹی ایڈوائزر کے طور پر کاروبار کا کل سرمایہ صرف 5 لاکھ روپے بتایا گیا جبکہ اس سے حاصل ہونے والی سالانہ کاروباری آمدن 16 لاکھ 50 ہزار روپے درج کی گئی۔

اس کے علاوہ سال 2024ء میں 66 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد کی تنخواہ کا ڈپازٹ بھی موجود ہے مگر یہ سوال اپنی جگہ برقرار ہے کہ یہ بھاری رقوم کس ادارے کس ملازمت کے صلے میں اور کس مخصوص بینک اکاؤنٹ میں وصول ہوتی رہیں۔

اگر ضیاء الرحمان کے خاندانی پس منظر اور پیشہ ورانہ سفر پر نظر ڈالی جائے تو وہ اپنے دیگر سیاسی بھائیوں (فضل الرحمان، عطا الرحمان اور لطف الرحمان) کے برعکس براہِ راست سیاست کی بجائے سرکاری سروس کے راستے پر آئے۔

وہ خیبر پختونخوا کی پراونشل مینجمنٹ سروس (PMS) کے گریڈ 19 کے ریٹائرڈ یا سینیئر افسر رہے ہیں اور اپنے دورِ ملازمت میں کمشنر برائے افغان مہاجرین (خیبر پختونخوا) اور ڈپٹی کمشنر کراچی سینٹرل جیسے انتہائی حساس اور کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔تاہم ان کی سول سروس میں شمولیت کا آغاز ہی تنازعات کی زد میں رہا ہے۔

ان پر ہمیشہ یہ الزامات عائد ہوتے رہے کہ انہوں نے کبھی باقاعدہ سی ایس ایس (CSS) یا صوبائی پبلک سروس کمیشن کا کٹھن امتحان پاس نہیں کیا بلکہ مبینہ طور پر پی ٹی سی ایل (PTCL) کی ملازمت سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد 2007ء میں متحدہ مجلس عمل (MMA) کی صوبائی حکومت کے دورِ اقتدار میں تمام مروجہ قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صوبائی سول سروس (PMS) میں ضم (Absorb) کروا لیا گیا۔

اس کے بعد سنہ 2020ء میں سندھ حکومت کے اندر بطور ڈپٹی کمشنر کراچی سینٹرل ان کی ڈیپوٹیشن پر تقرری بھی شدید سیاسی تنقید اور عدالتی چوکٹھوں تک پہنچی تھی۔

ان تمام مالیاتی بے ضابطگیوں اور مشکوک اثاثوں کی وجہ سے قومی احتساب بیورو (NAB) بھی حرکت میں آیا تھا۔

ستمبر 2018ء میں نیب نے موصوف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے جمع کرنے، بطور کمشنر افغان مہاجرین مبینہ کرپشن، مشینری کی خرید و فروخت میں گڑبڑ اور غیر قانونی بھرتیوں جیسے سنگین الزامات پر باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے اگست 2020ء اور جنوری 2021ء میں انہیں کئی بار طلب کر کے تفصیلی سوال نامے (پروفارما) تھمائے گئے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ ایک سرکاری ملازم کے جائز ذرائع آمدن اور اس کی ملکیت میں موجود بے پناہ جائیدادوں میں آخر کیا مطابقت پائی جاتی ہے۔

حالیہ عرصے (نومبر 2026ء) کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان اور پہاڑ پور میں فضل الرحمن خاندان سے جُڑی تقریباً 194 کنال اراضی کے انتقالات ان کی اصل مالیت اور ٹیکس معاملات کا آڈٹ بھی زیرِ گردش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دہشتگردوں کی ٹانک تھانے پر دھاوے کی ناپاک کوشش ناکام!

اس کے علاوہ وفاقی بورڈ آف ریونیو (FBR) میں بھی ایک باقاعدہ شکایت دائر کی جا چکی ہے جس میں ضیاء الرحمان سمیت مولانا لطف الرحمان اور اسعد محمود جیسے افراد کے بینک اکاؤنٹس کی کڑی جانچ پڑتال کا پرزور مطالبہ کیا گیا ہے۔

اب عوام کی نگاہیں ان تمام تحقیقی اداروں پر مرکوز ہیں کہ وہ کب ان تمام چھپائے گئے اثاثوں اور ذرائع آمدن کی مکمل دستاویزی حقیقت کو بے نقاب کرتے ہیں۔

Scroll to Top