ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے نائب کمانڈر انچیف میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنے دشمنوں کے خلاف طاقتور اور دردناک فوجی کارروائیاں کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں ایران پر کسی بھی قسم کے حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کا دائرہ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یہ خطے سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔
لبنانی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے بعد ایران نے اپنی فوجی تیاریوں اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اور مزید اضافہ کیا ہے۔
ایرانی کمانڈر نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 40 روزہ جنگ کے دوران ایران نے عملی طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ مضبوط عزم، بھرپور طاقت اور مکمل عسکری تیاری کے ساتھ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے اور مؤثر فوجی کارروائیاں کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں اور علاقائی مبصرین کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے نائب کمانڈر انچیف کا یہ بیان خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف امریکہ کا نیا وار فرنٹ کھولنے کا فیصلہ
مبصرین کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کا دائرہ خطے سے باہر پھیلانے کا انتباہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایران اپنی دفاعی حکمتِ عملی کو وسعت دے چکا ہے اور کسی بھی ممکنہ تصادم کی صورت میں وسیع پیمانے پر ردعمل دینے کی تیاری کر رہا ہے جس سے عالمی سطح پر سفارتی و عسکری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔





