نوشہرہ کے تارو اسکول گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کی کھلی ڈکیتی، 3 کروڑ 85 لاکھ روپے ہضم کر کے عوام کو صرف مٹی اور پرانی اینٹیں تھما دی گئیں

پشاور: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی مسلط کردہ حکومت اور اس کے نام نہاد ترقیاتی دعوؤں کی حقیقت ایک بار پھر طشت از بام ہو گئی ہے۔

پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں نوشہرہ تارو کے عوام نے یہ سوال اٹھایا کہ اگر ترقی کا نام لینا ہے تو اس کی عملی مثالیں میاں افتخار حسین کا دور ہے جہاں پبی کا شاندار ہسپتال اور لڑکیوں کا ہائی اسکول آج بھی پوری دنیا کے سامنے زندہ ثبوت کے طور پر موجود ہیں، جبکہ اس کے برعکس پی ٹی آئی کے اس دورِ اقتدار میں اسکولوں اور علاقوں میں ایک اینٹ یا ایک سڑک تک نہیں لگائی گئی۔

یہاں تک کہ کرپٹ ٹھیکیداروں نے صرف اپنی فائلیں تیار کر کے رکھی ہوئی ہیں اور زمینی حقائق پر کام کا کوئی نام و نشان تک نہیں۔ اعلیٰ افسران سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان تمام ٹھیکیداروں کی دبی ہوئی فائلیں باہر نکالیں اور انہیں آن لائن کریں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ سرکاری خزانے کو لوٹنے کا یہ ظلم کس نے اور کس کے ذریعے کیا ہے۔

کرپشن کے ان کالے کارناموں کی ایک شرمناک مثال تارو اسکول کا گراؤنڈ ہے جہاں تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے کی خطیر رقم صرف کاغذوں پر خرچ دکھائی گئی جبکہ حقیقت میں وہاں صرف مٹی ڈال کر پرانی اینٹوں کی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ماحول جتنا مرضی کشیدہ کر لیں، حساب تو دینا ہی پڑے گا، ثمر ہارون بلور نے اسعد محمود اور فضل الرحمان کے تمام پردے چاک کر دیے

یہی حال پبی کے جنگل گراؤنڈ کا ہے جس کے لیے میاں افتخار حسین نے نہ صرف زمین دی بلکہ اپنے دور میں چاردیواری بھی بنوائی تھی، لیکن آج وہ بھی ویران اور خالی پڑا ہے۔ اسی طرح پبی کالج کا گراؤنڈ ہے جسے سات، آٹھ اور دس سال گزر جانے کے باوجود تاحال مکمل نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس پر کوئی کام ہوا۔

یہ تمام منصوبے صرف اور صرف پی ٹی آئی کی ریاستی کرپشن کی گندی جڑیں ہیں جنہیں اب چھپایا نہیں جا سکتا۔ چاہے وہ نچلی سطح کے کارندے ہوں یا اوپر بیٹھی قیادت، سب اس لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں جو کرپشن کے خزانوں پر پل رہے ہیں اور عوام کو صرف “قیدی نمبر 804” کی گردان رٹا کر اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔

جب عوام اپنے علاقوں میں پانی گھروں میں بھر جانے، سڑکوں کی خرابی اور بنیادی سہولتوں کے فقدان پر بات کرتے ہیں تو انہیں یہ کہہ کر چپ کرا دیا جاتا ہے کہ ووٹ عمران خان کے نام پر دیا گیا تھا، گویا عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی بے نقاب، اہلیہ کا 55 تولہ سونا اچانک اسلحے کے خانے میں منتقل ہونے کا انکشاف

ذاتی اور سیاسی عروج کی اس کہانی میں صوابی کے اسد قیصر کا نام بھی نمایاں ہے جو ماضی میں ساتھ ہاکی کھیلا کرتے تھے، لیکن آج ان کی سابقہ اور موجودہ پوزیشن کا زمین آسمان کا فرق سب کے سامنے ہے؛ وہ آج کروڑوں اور اربوں روپے کے مالک بن چکے ہیں اور انگلینڈ میں ان کے بچوں کے کاروبار تک شروع ہو چکے ہیں، جبکہ عام آدمی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

اس تباہ حال سسٹم کا ایک اور تاریک باب صحت کارڈ کا فراڈ ہے جس کی مد میں ستر فیصد کمیشن کا بازار گرم ہے اور ہسپتالوں کے حالات اتنے ابتر ہو چکے ہیں کہ اگر کوئی غریب مریض ایمرجنسی میں علاج کے لیے جائے تو اسے تین مہینے انتظار کا کہہ کر موت کے منہ میں دھکیل دیا جاتا ہے۔

گورنر اور اعلیٰ افسران سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس لیس دار صحت کارڈ کے فراڈ کو سرے سے ختم کیا جائے اور اس کی مد میں ملنے والے فنڈز براہِ راست ہسپتالوں کو منتقل کیے جائیں تاکہ ہسپتالوں کی حالت بہتر ہو سکے اور مجبور مریضوں کو بروقت طبی امداد مل سکے۔

Scroll to Top