پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے 8 بالائی اضلاع کو موسم سرما کے دوران انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے جہاں رواں سیزن معمول سے زیادہ بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق حساس قرار دیے جانے والے اضلاع میں اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، بونیر، سوات، اپر کوہستان اور لوئر کوہستان شامل ہیں۔
شدید برف باری کے باعث ان بالائی علاقوں میں اہم شاہراہیں اور سڑکیں بند ہونے کا خدشہ بھی ہے، جس کے پیش نظر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے نے ایک جامع حفاظتی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوبے کو لوٹنے والے اب منہ چھپاتے پھریں، جنرل (ر) نگار جوہر کی زیرِ قیادت 7.10 ارب کے 12 ترجیحی فلاحی منصوبے منظور
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بروقت امداد کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔
برف باری سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیوں کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور ہمہ وقت تیار رہنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





