دیر بالا: گورنر راج کے نفاذ کے بعد دیر بالا میں انتظامی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، جس کے تحت یونین کونسل جبر میں گزشتہ ایک دہائی سے غیرفعال کروڑوں روپے کی واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کے لیے عملی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایس ڈی او، متعلقہ عملے، ٹھیکیدار اور علاقے کے مشران و نوجوانوں کے درمیان ایک اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی۔
اجلاس میں واٹر سپلائی اسکیم کو درپیش مسائل اور مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ منصوبے کو دوبارہ فعال بنانے اور علاقے کے عوام کو پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر علاقے کے مشران اور نوجوانوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا یہ اہم منصوبہ گزشتہ دس سال سے غیرفعال ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو پینے کے پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے 13 سالہ اقتدار میں صحت کا شعبہ تباہ، باجوڑ سے دیر تک ہسپتال لاوارث، عوام علاج کے لیے ترس گئے
انہوں نے منصوبے کی جلد بحالی اور تکمیل کو علاقے کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ ٹھیکیدار اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام نے باہمی مشاورت اور مسائل کے جائزے کے لیے منگل تک کا وقت مانگا، جبکہ آئندہ پیش رفت پر بات چیت کے لیے بدھ کے روز اسی پرائمری اسکول میں دوبارہ نشست منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام نے اسکیم کے پائپوں کی دستیابی کے حوالے سے بھی عوام سے تعاون کی اپیل کی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہری کے علم میں ہے کہ منصوبے کے پائپ کہیں منتقل کیے گئے ہیں یا کسی مقام پر موجود ہیں تو ان کی نشاندہی کی جائے تاکہ اسکیم کی بحالی میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔
علاقے کے مشران اور نوجوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس عوامی مفاد کے منصوبے کی تکمیل کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ اور متعلقہ ٹھیکیدار کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے تاکہ ایک دہائی سے غیرفعال واٹر سپلائی اسکیم بحال ہو اور عوام کو پینے کے پانی کی سہولت میسر آسکے۔





