پاکستان کے خلاف کانٹے دار مقابلہ؛ انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت بمشکل فتح سمیٹ سکا

انڈر 19 ایشیا کپ کے انتہائی سنسنی خیز اور تاریخ ساز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو ایک وکٹ سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے اس حتمی معرکے میں بھارتی ٹیم نے 338 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر عبور کیا۔

بھارتی اننگز میں کپتان کشیا رائے چندانی نے 80 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ آریاویر سہواگ نے 58 اور منال چوہان نے 47 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں وی کے وینیتھ 24، انوے ڈراوڈ 19، ارجن راجپوت 16، یشبردن چوہان 9، آریان سوسانی 9 اور کاویا پریش پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ موہت الوا 49 اور چگُوروپتی ونکٹا 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے رضوان اللہ نے 3 اور نقاب شفیق نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین ڈار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز کا شاندار مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ اوپنر عثمان خان نے 107 رنز کی شاندار اور سنچری اننگز کھیلی۔ عبدالقادر نے 80 اور کپتان فرحان یوسف نے 63 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں حیام خان 21، احمد حسین 17، نقاب شفیق 11، حمزہ ظہور 10، محمد صیام 7 اور حسنین عباس ڈار 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رضوان اللہ 4 اور علی رضا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

بھارت کی طرف سے کاویا پریش پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ چگُوروپتی ونکٹا نے 3 اور ارجن راجپوت نے 1 وکٹ حاصل کی۔

Scroll to Top