ٹیکس ریکارڈ کے اعداد و شمار کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کے 2025 کے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کردہ ذاتی اخراجات اور ان کے غیر ملکی دوروں کے مبینہ اخراجات میں بڑا تضاد سامنے آیا ہے۔
ٹیکس دستاویزات کے مطابق ضیاء الرحمان نے سال 2025 میں اپنے پورے سال کے ذاتی اخراجات 480,000 روپے ظاہر کیے، جو ماہانہ اوسطاً 40000 روپے بنتے ہیں۔ اس کے برعکس 2024 کے گوشواروں میں یہی سالانہ اخراجات 960,000 روپے (ماہانہ 80,000 روپے) دکھائے گئے تھےجس سے ایک سال کے دوران ظاہر کردہ اخراجات میں 480,000 روپے یعنی 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ضیاء الرحمان نے 27 اکتوبر سے 13 نومبر تک لندن اور اسپین کے شہر بارسلونا کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران لندن کے مہنگے علاقے مے فیئر اور بارسلونا کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام اور دیگر اخراجات کی مجموعی مبینہ لاگت 12,000,000 روپے بتائی جا رہی ہے۔
مالیاتی ریکارڈ اور ذرائع کے ان دعوؤں کے بعد یہ سوالات سامنے آئے ہیں کہ آیا ایک سال میں روزمرہ اخراجات میں 50 فیصد کمی حقیقی تھی یا اخراجات کسی اور ذریعے سے پورے ہوئے۔
لندن اور بارسلونا کے دورے پر مبینہ طور پر خرچ ہونے والے 12,000,000 روپے کی ادائیگی ذاتی طور پر کی گئی یا کسی دوسرے فرد یا ادارے نے برداشت کی اور آیا یہ غیر ملکی اخراجات 2025 کے ٹیکس گوشوارے میں شامل ہیں یا نہیں۔
مالیاتی امور کے ماہرین کے مطابق 2024 اور 2025 کے گوشواروں میں ظاہر کردہ اخراجات میں 50 فیصد کی کمی ایک نمایاں تبدیلی ہے جبکہ غیر ملکی دورے پر 12,000,000 روپے کے اخراجات کے دعوے کی آزادانہ تصدیق درکار ہے۔





