ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم کی روک تھام اور مستقبل میں فائیو جی (5G) سروسز کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی وائس سمز کی تعداد 5 سے کم کر کے 3 کرنے پر اصولی غور شروع کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق اس مجوزہ تبدیلی کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے ڈیٹا سمز کی مقررہ حد بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ موجودہ قانون اور ایک عدالتی فیصلے کی روشنی میں اس وقت ہر پاکستانی شہری اپنے شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر 8 سمز حاصل کر سکتا ہے جن میں 5 وائس اور 3 ڈیٹا سمز شامل ہیں۔
پی ٹی اے حکام کا موقف ہے کہ ایک ہی فرد کے نام پر زیادہ وائس سمز ہونے سے ان کے غلط استعمال اور آن لائن فراڈ سمیت مختلف سائبر جرائم کے خدشات بڑھ جاتے ہیں اسی لیے سیکیورٹی خدشات پر قابو پانے کے لیے وائس سمز کی تعداد محدود کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔





