بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ کواڈ کاپٹر حملے میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 13 نومبر سے کولپور کردگاپ اور نوشکی میں جاری آپریشنز کے ساتھ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ (این 40) پر سیکیورٹی اور گشت بھی سخت کر دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی محفوظ آمدورفت برقرار رہے۔
13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور میں ہونے والی کامیاب کارروائی میں خودکش بمبار سمیت بھارتی سرپرستی یافتہ 8 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
دوسری جانب 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چکوال سے تعلق رکھنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : آپ کے نام پر کتنی سمز ہیں؟ پی ٹی اے کا حیران کن اقدام، صارفین کے لیے بڑی خبر
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مالی و تکنیکی معاونت سے دہشت گرد ڈرونز اور دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز) کا استعمال کر رہے ہیںتاہم عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز پوری شدت سے جاری رہیں گے۔





